آزادکشمیر میں 2016کا الیکشن حقیقی معنوں میں تبدیلی کا بگل تھا ، مشتاق احمد منہاس

لیگی حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں محمد نواز شریف کے نقش قدم پر چل کر عوامی امنگوں کے مطابق حقیقی عوامی نمائندگی کی جس کے اثرات آج عملی کاموں کی صورت میں زمین پر نظر آرہے ہیں، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

منگل 25 جون 2019 22:09

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2019ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہ آزادکشمیر میں 21جولائی2016کا الیکشن حقیقی معنوں میں تبدیلی کاوہ بگل تھا جس کے درپردہ محرکات میں پاکستان کے اندر تعمیر و ترقی کی حقیقی پشتی بان حکومت مسلم لیگ ن اور اس کے قائد محمد نواز شریف تھے اور ان کی حکومت کا ٹریک ریکارڈ تھا جس نے انفراسٹرکچر، صنعت ، صحت، تعلیم ، بجلی سمیت تمام تر شعبہ جات میں مثالی ترقی کی بنیاد رکھی تھی۔

آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں میاں محمد نواز شریف کے نقش قدم پر چل کر عوامی امنگوں کے مطابق حقیقی عوامی نمائندگی کی جس کے اثرات آج عملی کاموں کی صورت میں زمین پر نظر آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تعمیر وترقی کے ہر شعبے کی بنیاد مسلم لیگ ن نے رکھی ۔محمد نواز شریف کو پاکستان کے گزشتہ عام انتخابات میں ایک سازش کے تحت منظر سے ہٹایا گیا۔ آج وہ جیل میں ہیں لیکن جب بھی پاکستان کی عوام کو آزادنہ رائے کا حق ملے گا تو وہ میاں محمد نواز شریف کو اقتدار میں لے آئیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ محمد نوا ز شریف کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے عین مطابق ہمسایہ ملک بھارت سے اچھے تعلقات استوار کر نے کوشش کی لیکن ’’مودی کایار‘‘ کہہ کر ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔

میاں محمد نواز شریف کو بھارت سے دوستی کا طعنہ دینے والے آج مودی سے فون کال کی التجا کرتے ہیں لیکن ان کی کال تک نہیں سنی جاررہی کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ میاں نواز شریف ایک منتخب وزیر اعظم تھے جبکہ پاکستان کی موجودہ حکومت انسٹالڈ اورسلیکٹڈ ہے جس کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی موجودہ قیادت قطریوں ، سعودیوں اور اماراتیوں کی ڈرائیور بن گئی لیکن اس کے باوجود امداد کرنا تو دور کی بات وہ یہاں سرمایہ کاری کرنے کو بھی تیار نہیں ہیں۔

راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاکہ پاکستان میں تبدیلی سرکار دس ماہ میں بے نقاب ہو گئی ہے ۔ مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ سیاحت کوسٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹری بنائیں گے۔ بجٹ میں سیاحت کیلئی20کروڑروپے رکھے گئے ہیں ، اسے بہتر انداز سے خرچ کیا جائیگا۔ سیاحوں کی سہولت کیلئے ٹورسٹ پولیس کا قیام عمل میں لایاگیا ہے اور ٹورسٹ پولیس کو گاڑیاں اور موٹر سائیکل فراہم کیے گئے ہیں۔

ٹورازم کوریڈور سے سیاحت ترقی کریگی ۔ 2019کو سیاحت کا سال قرار دیا گیا ہے اور اس سال خصوصی سیاحتی سرگرمیوں کا انعقاد کروا رہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں آزادکشمیر کے ہر علاقہ میں ٹورسٹ سپاٹس کی نشاندہی کر کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر سپ کے تحت تعمیرات کروائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری محکمہ جات کے سارے گیسٹ ہائوسز خسارے میں جارہے ہیں گیسٹ ہاوسز کو پرائیوٹائز کرینگے اور سلسلہ میں اشتہار دیکر ان ریسٹ ہائوسز کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ ستمبر میں دارلحکومت مظفرآباد میں انٹرنیشنل پیراگلائیڈنگ کپ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں 50ممالک کے پیراگلائیڈر ز شریک ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں آثا ر قدیمہ کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے آرکیالوجی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ نیلم شاردہ میں آثار قدیمہ کو محفوظ بنایا جائیگا۔ریڈ فورٹ کی فینسنگ کے لیے ایم او یو والڈ سٹی لاہور کے ساتھ کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ باغ میں نیا گیسٹ ہائوس بنیا جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ اشتہارات کی نئی پالیسی اور ٹورازم پالیسی کا نیا ڈرافٹ بھی پیش کرینگے۔ سیاحت کیلئے نئے پراجیکٹ پراجیکٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھیج دیے گئے ہیں ۔ محکمہ اطلاعات کا بجٹ بڑھایا گیا ہے اس کی بڑی ضرورت تھی ۔ صحافیوں کے مسائل حل کیے جارہے ہیں ۔ ورکنگ جرنلسٹس کیلئے وسائل کی ضرورت ہے ۔

اشہارات کے بجٹ کو مزید بڑھایا جائیگا۔ ڈویلپمنٹ کا ایک فیصد بجٹ تشہیر کیلئے مختص کر کے محکمہ اطلاعات کو منتقل کیا جائیگاجس پر وزیر اعظم راجہ محمد فارو ق حیدرخان کا شکرگزار ہوں۔ باغ میں محمد نواز شریف کے اعلان کردہ امراض قلب ہسپتال کو بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ باغ میں سرکٹ بینچ، ہائی کورٹ بینچ بنایا جائے گا اور باغ کو بگ سٹی کا درجہ دیا جائے گا۔