آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست پاکستان کیلئے خوشخبری لے آئی

انگلش ٹیم کو اپنے بقیہ دونوں میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی، بصورت دیگر پاکستان اپنے بقیہ تینوں میچز میں فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 25 جون 2019 22:11

آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست پاکستان کیلئے خوشخبری لے آئی
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جون2019ء) آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست پاکستان کیلئے خوشخبری لے آئی، انگلش ٹیم کو اپنے بقیہ دونوں میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی، بصورت دیگر پاکستان اپنے بقیہ تینوں میچز میں فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اہم ترین میچ میں شکست دے کر پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو مزید روشن کر دیا ہے۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے کے بعد میزبان اور فیورٹ انگلینڈ کو اپنے اگلے دونوں میچز میں ہر صورت فتح حاصل کرنا ہوگی۔ اگر انگلینڈ کی ٹیم اپنے اگلے دونوں میچز میں سے کسی ایک میچ میں بھی شکست سے دوچار ہوتی ہے، اور دوسری جانب پاکستان اپنے اگلے تمام تینوں میچز جیت جاتا ہے، تو اس صورت میں انگلینڈ سیمی فائنل مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا، جبکہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ کے 32ویں میچ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 64رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، اس شکست کے بعد انگلینڈ کا سیمی فائنل تک پہنچنا مزید مشکل ہوگیا جبکہ پاکستان کے چانسز اور زیادہ بڑھ گئے۔286رنز کے ہدف کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز انتہائی ناقص تھا اور صرف 15 رنز پر جو روٹ اور جیمز ونس پویلین لوٹ گئے،کپتان این مورگن اور جونی بیئرسٹو بھی زیادہ مزاحمت نہ کرپائے اور 26 اور 53 کے مجموعی سکور پر آﺅٹ ہوگئے۔

جوز بٹلر اور بین سٹوکس نے پانچویں وکٹ کے لیے71رنز جوڑے جس کے بعد بٹلر25رنز بنا کر عثمان خواجہ کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پوویلین لوٹے،سٹوکس اور کرکس ووکس نے چھٹی وکٹ کیلئے55رنز جوڑے جس کے بعد سٹوکس89رنز کی عمدہ باری کھیل کر مچل سٹارک کے یارکر پر بولڈ ہوگئے،معین علی صرف6رنز بنا سکے جبکہ کرس ووکس26رنز بنا کر پوویلین لوٹے،آرچر بھی صرف ایک رن بنا سکے،اس سے قبل لندن کے اوول گراﺅنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا،دونوں اوپنرز نے 123 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد وارنر 53 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے دوسری وکٹ کیلئے50رنز جوڑے جس کے بعد خواجہ23رنز سکورکرکے سٹوکس کی گیند پر بولڈ ہوئے، ایرون فنچ اپنی سنچری مکمل کرکے جوفرا آرچر کی گیند پر پوویلین لوٹے،گلین میکسویل بھی صرف12رنز سکور کرکے مارک ووڈ کا شکار بنے،سٹوئنس بھی8رنز بنا کر مکس اپ کے نتیجے میں رن آﺅٹ ہوگئے ،سٹیو سمتھ بھی38رنز بنا کر کرس ووکس کے ہاتھوں پوویلین لوٹے، ایلکس کیری نے ناقابل شکست 38 رنز بنائے۔

انگلش بولرز نے اننگز کے آخری 15 اوورز میں زبردست باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا جسکی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز ہی بناسکی۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 46 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جب کہ جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین سٹوکس اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم میں ایڈم زامپا اور کولٹر نائل کی جگہ جیسن بہرنڈروف کو شامل کیا گیا ہے۔