عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان کو نیوزی لینڈ پر برتری حاصل

عالمی کپ کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے کل 8 میچز میں سے پاکستان نے 6 جبکہ کیویز نے 2 میچوں میں فتح حاصل کی

muhammad ali محمد علی منگل 25 جون 2019 23:12

عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان کو نیوزی لینڈ پر برتری حاصل
برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2019ء) عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان کو نیوزی لینڈ پر برتری حاصل، عالمی کپ کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے کل 8 میچز میں سے پاکستان نے 6 جبکہ کیویز نے 2 میچوں میں فتح حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان عالمی کپ کے دوران ہونے والے میچز کے نتائج کی رپورٹ قومی ٹیم کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 1975 سے لے کر 2015 تک ہونے والے عالمی کپ ٹورنامنٹس کے سلسلے میں کل 8 میچز کھیلے گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 8 میچز میں سے پاکستان کو 6 میچز جبکہ کیویز کو 2 میچز میں فتح حاصل ہوئی۔ یوں عالمی کپ کے دوران کھیلے گئے میچز میں پاکستان کو حریف ٹیم نیوزی لینڈ پر واضح برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

یہی برتری پاکستان کیلئے نیوزی لینڈ کیخلاف کل کے میچ کے دوران نفسیاتی برتری کے طور پر بھی کام دکھا سکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کیلئے موسم کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل برمنگھم میں شیڈول میچ کے دوران بارش ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ قوی امکان ہے کہ میچ کے دوران موسم خشک رہے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر برمنگھم میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے لئے اب میگا ایونٹ کا ہر میچ فائنل میچ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور اب پاکستان کو ٹائٹل کے حصول کے لئے فائنل میچ سمیت ہر میچ جیتنا ضروری ہوگیا ہے۔ میچ میں شرکت کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں برمنگھم پہنچ چکی ہیں۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے۔

شاہین بدھ کو انتہائی اہم میچ میں کیویز کے خلاف نبردآزما ہونگے۔ کیویز ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے، کیویز ٹیم نے میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچز کھیلے ہیں اور پانچ میچز جیت کر کیویز ٹیم سب سے زیادہ 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سر فہرست ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی ٹیم نے بھی اب تک چھ میچز کھیل لئے ہیں وہ دو میچز میں کامیابی حاصل کرسکی ہے جبکہ اس کو تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

گرین شرٹس 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میگا ایونٹ کے 33ویں میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔