حضرو میں ماں اپنی بیٹی کی عزت بچانے کی کوشش میں جان کی بازی ہار گئی

حملہ آور نے بیٹی کی جان بچانے کی کوشش کرنے والی خاتون کو چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کیا، بعد ازاں خاتون ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار بیٹھی

muhammad ali محمد علی منگل 25 جون 2019 23:43

حضرو میں ماں اپنی بیٹی کی عزت بچانے کی کوشش میں جان کی بازی ہار گئی
حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2019ء) حضرو میں ماں اپنی بیٹی کی عزت بچانے کی کوشش میں جان کی بازی ہار گئی، حملہ آور نے بیٹی کی جان بچانے کی کوشش کرنے والی خاتون کو چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کیا، بعد ازاں خاتون ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار بیٹھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شہر حضرو میں انتہائی افسونساک واقعہ پیش آیا ہے۔

حضرو کی رہائشی خاتون اپنی شادی شدہ بیٹی کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے کی کوشش میں اپنی جان گنوا بیٹھی۔ قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حضرو میں رہائش پذیر خاتون کی شادی شدہ بیٹی اپنے سسرال سے ناراض ہو کر ماں کے گھر آئی تھی۔ اسی دوران ایک دن ایک شخص اچانک دیوار پھلانگ کر ان کے گھر میں گھس آیا اور خاتون کی بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

اس دوران لڑکی کی جانب سے خود کو بچانے کیلئے چیخ و پکار کی گئی جس پر اس کی ماں فوری اپنی بچی کی عزت محفوظ بنانے کیلئے وہاں پہنچی۔ تاہم حملہ اور شخص نے خاتون پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔ جبکہ خاتون کی بیٹی کو بھی چاقو کے وار کرکے زخمی کیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔ بعد ازاں خاتون اور اس کی بیٹی کو انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔

تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خاتون جان کی بازی ہار بیٹھی۔ جبکہ خاتون کی زخمی بیٹی تاحال زیر علاج ہے۔ اس حوالے سے پولیس نے بتایا ہے کہ جاں بحق خاتون اور اس کی بیٹی پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ حملہ آور کے خاندان کے کچھ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔