پاکستان، نیوزی لینڈ میچ سے قبل برسٹل کا موسم بگڑ گیا، موسلا دھار بارش شروع ہوگئی

دونوں ٹیموں کے درمیان اہم ترین میچ کل کھیلا جائے گا، موسم میں اچانک تبدیلی کے باعث میچ کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ

muhammad ali محمد علی بدھ جون 00:43

پاکستان، نیوزی لینڈ میچ سے قبل برسٹل کا موسم بگڑ گیا، موسلا دھار بارش ..
برسٹل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2019ء) پاکستان، نیوزی لینڈ میچ سے قبل برسٹل کا موسم بگڑ گیا، موسلا دھار بارش شروع ہوگئی، دونوں ٹیموں کے درمیان اہم ترین میچ کل کھیلا جائے گا، موسم میں اچانک تبدیلی کے باعث میچ کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کیلئے موسم کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میچ کے بارش سے متاثر ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔

تاہم اب موصول ہونے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق برسٹل، جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل میچ کھیلا جائے گا، وہاں موسم اچانک بگڑ گیا اور موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے۔ اچانک موسم بگڑنے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بھی بارش سے متاثر ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بارش سے میچ متاثر ہونے یا میچ نہ ہونے کی صورت میں نقصان پاکستان کا ہوگا۔

پاکستان کو سیمی فائنل مرحلے تک رسائی کی دوڑ میں برقرار رہنے کیلئے اپنے اگلے تینوں میچز میں فتح درکار ہے۔  واضح رہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر برمنگھم میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے لئے اب میگا ایونٹ کا ہر میچ فائنل میچ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور اب پاکستان کو ٹائٹل کے حصول کے لئے فائنل میچ سمیت ہر میچ جیتنا ضروری ہوگیا ہے۔

میچ میں شرکت کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں برمنگھم پہنچ چکی ہیں۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے۔ شاہین بدھ کو انتہائی اہم میچ میں کیویز کے خلاف نبردآزما ہونگے۔ کیویز ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے، کیویز ٹیم نے میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچز کھیلے ہیں اور پانچ میچز جیت کر کیویز ٹیم سب سے زیادہ 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سر فہرست ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی ٹیم نے بھی اب تک چھ میچز کھیل لئے ہیں وہ دو میچز میں کامیابی حاصل کرسکی ہے جبکہ اس کو تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ گرین شرٹس 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میگا ایونٹ کے 33ویں میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔