امید ہے عامرمیری طرح27سا ل پرانی تاریخ دہرائیگا: وسیم اکرم

معلوم تھا کہ عامرکو جب وکٹ ملی وہ ردھم واپس آجائے گا:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 جون 2019 12:22

امید ہے عامرمیری طرح27سا ل پرانی تاریخ دہرائیگا: وسیم اکرم
برمنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون2019ء) سوئنگ کے سلطان و سابق کپتان وسیم اکرم نے امید کا اظہار کیا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر وہی کردار ادا کرے گا جو 92 ءورلڈکپ میں ان کا تھا۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں صورتحال دیکھ کر 92 ءیاد آرہا ہے، 27 سال پہلے بھی ایسی ہی صورتحال تھی کہ آسٹریلیا میچ جیتے اور ہم نیوزی لینڈ کو ہرائیں، 92 ءکے ورلڈکپ میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کوئی میچ نہیں ہاری تھی لیکن ہم سے ہاری ، امید ہے کہ اس بار بھی ایسا ہو، پاکستان کےلئے اپنے تینوں میچز جیتنا ضروری ہے اور ٹیم صرف اپنے میچز پر توجہ دے پھر جو ہوگا دیکھیں گے۔

وسیم اکرم نے قومی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرینٹ بولٹ کو شروع میں وکٹیں نہ دیں، چاہے 5 اوورز میں 12 رنز ہی کیوں نہ ہوں کیوں کہ بولٹ دو یا تین سلپ لےکر نئے گیند سے باﺅلنگ کرائے گا لہٰذا باہر جاتی گیند کو جانے دیں، جب کیویز کے اہم باﺅلر کو وکٹ نہیں ملے گی تو باقی باﺅلرز پر بھی دباﺅآئےگا،پاکستانی بلے باز کیوی باﺅلرزکو مجبور کریں کہ وہ آپکے پلان کے مطابق بولنگ کرے،ان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ایک دو کھلاڑی سپن پر بہت اچھے ہیں لہٰذا گپٹل کو پیچھے گیند نہ کرائیں۔

(جاری ہے)

محمد عامر کے حوالے سے سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ عامر کی لائن لینتھ کافی بہترین جارہی ہے، امید ہے محمد عامر وہی کردار ادا کرےگا جو 92 میں میرا تھا، عامر کو ہمیشہ سپورٹ کیا کیوں کہ معلوم تھا کہ اسکو وکٹ مل گئی تو ردھم واپس آجائے گا،وہاب ریاض بھی اچھا پرفارم کررہا ہے ۔سابق کپتان نے اوپنرز کو مشورہ دیا کہ ابتدائی تین بیٹسمینوں کا کردار کافی اہم ہوگا، ہماری شروع کی وکٹیں گریں تو ہم لڑکھڑا جاتے ہیں، پاکستان نے جنوبی افریقا کےخلاف اچھی بیٹنگ کی، نیا گیند دیکھ کر کھیلا، یہی حکمت عملی ہونی چاہیئے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ پوری قوم سرفراز کے ساتھ ہے لہٰذا آزادی سے کھیلے اور ہارسے نہ ڈرے۔