Live Updates

مجھے خدشہ تھا اردوان نواز شریف کی حمایت کریں گے

شریف خاندان کے بچوں میں سے کسی نے عرب ملک کے سربراہ سے رابطہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 26 جون 2019 12:26

مجھے خدشہ تھا اردوان نواز شریف کی حمایت کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جون 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے نواز شریف کی حمایت کا خدشہ تھا تاہم ان سے ملاقات میں اس متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اطلاع ہے کہ شریف خاندان کے بچوں میں سے کسی نے عرب ملک کے سربراہ سے رابطہ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ عرب ملک کے سربراہ نے منع کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا تھا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں پھر کہہ رہا ہوں کہ میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا ، این آر او کے لیے مجھے براہ راست اپروچ نہیں کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں امیر قطر کے دورہ پاکستان کے بعد سے این آر او ہونے کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کر لے مجھے کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ بجٹ منظوری قانونی تقاضہ ہے، تمام اراکین اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا معاشی سمت کا تعین کر دیا ہے، بحران سے نکل رہے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں۔

اراکین عوام کو معاشی بحران کے ذمہ داروں سے آگاہ کریں۔ سب کو معلوم ہے میں کرپشن کیسز پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کیا ہے۔پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان کے لیے اپنی تنخواہوں کا اضافہ نہیں لیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات