Live Updates

فلسطینیوں کیلئے پاکستان کا عزم مضبوط اور پائیدار ہے،

مکہ المکرمہ میں او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی نصب العین کے لئے پاکستان کی واضح حمایت کا اعادہ کیا، اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی کا نیویارک میں یو این آر ڈبلیو اے کے اجلاس سے خطاب

بدھ 26 جون 2019 12:33

فلسطینیوں کیلئے پاکستان کا عزم مضبوط اور پائیدار ہے،
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کیلئے پاکستان کا عزم مضبوط اور پائیدار ہے، مکہ المکرمہ میں او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی نصب العین کے لئے پاکستان کی واضح حمایت کا اعادہ کیا، امن کے سواکوئی اور راستہ نہیں، ہم امید اور دعاکرتے ہیں کہ نئی فلسطینی ریاست جلد وجود میں آئے اور فلسطینی پناہ گزین بالاخر اپنے گھروں کو واپس جائیں گے اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے امداد وتعمیرات( یو این آر ڈبلیو ای) کے مقصد کی تکمیل کے بعد اس کی ضرورت نہ رہے گی اور پاکستان اس وقت تک فلسطینی کاز اور یو این آر ڈبلیو اے سے وابستہ رہے گا۔

نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں یو این آر ڈبلیو اے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کو ناکام نہ کرے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنر ل انتونیو گوئٹرس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل ٹرمپ انتظامیہ نے یو این آر ڈبلیو اے کے لئے فنڈز روک دیئے تھے جس کی وجہ سے یہ ادارہ سنگین مالی بحران کا شکار ہوگیا تھا جنہوں نے کہا تھا کہ یو این آر ڈبلیو اے کو ختم کردینا چاہیے۔

سیکرٹری جنرل نے امریکی صدر کی منظق کو مسترد کرتے ہوئے امدادی اداروں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اوریو این آر ڈبلیو اے کے لئے امداد جاری رکھیں۔ ملیحہ لودھی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاکستان ادارہ کے لئے رضاکارانہ امداد جاری رکھے گا جو گزشتہ سال کے برابر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترمشکلات کے باوجود یو این آر ڈبلیو کی موجودگی میں فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنی امیدوں کی دوبارہ یقین دہانی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنج دہ ماحول میں یواین آر ڈبلیو کا کردار ضروری اور قابل تعریف ہے۔ اجلا س میں مقبوضہ مغربی کنارہ اور غزہ کے 2طلباء حنان اور ہاتم نے بھی شرکت کی اور مقبوضہ علاقوں میں زندگی کے دلخراش واقعات اور اپنے لئے یو این آر ڈبلیو کے تحت سکولوں کی اہمیت کے بارے میں آگا ہ کیا۔ ملیحہ لودھی نے کہاکہ ان بچوں کی آوازوں میں ہم نے نہ صرف مستقبل کے لئے فلسطینیوں کا پر امید چہرہ دیکھا ہے بلکہ روزمرہ زندگی میں فلسطینیوں کے لئے یو این آر ڈبلیو کی امدادکے بارے میں بھی آگاہی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 50لاکھ سے زائد فلسطینی محض اعداد وشمار نہیں، وہ بھی انسان ہیں، حنان اورہاتم کی آنکھوں میں چمک اور ایک پرامن اور خوشحال مستقبل کی امیدیں اور خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ المکرمہ میں او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی نصب العین کے لئے پاکستان کی واضح حمایت کا اعادہ کیا جس میں القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے ساتھ فلسطینی۔ اسرائیلی تنازعہ کا دو ریاستی حل شامل ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات