انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 160 روپے ، مریم نواز کا رد عمل آ گیا

ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور یہ سب کچھ نالائق اعظم کی وجہ سے ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 26 جون 2019 12:41

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 160 روپے ، مریم نواز کا رد عمل آ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جون 2019ء) : ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ انٹربینک میں ڈالر 160 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب نقصان نالائق اعظم کی وجہ سے ہو رہا ہے جو ناقابل تلافی ہے۔
ایک اور پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ صرف جون کے مہینے میں ڈالر 13 روپے 58 پیسے مہنگا ہوا جس سے ملکی قرضوں میں 1325 بلین کا اضافہ ہوا۔ تاریخی نااہلی اور ناکامی نے پاکستان کو گھیر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ آج صبح انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

امریکی ڈالر پاکستانی روپے کے مقابلے میں 3 روپے 2 پیسے مزید مہنگا ہوکر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے۔ انٹربنک میں ڈالرکی قیمت 160روپے ہوگئی ۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق آج کاروباری دن کے آغاز ہی میں اوپن مارکیٹ میں انٹر بنک میں ڈالر 156.98 سے بڑھ کر160 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔کرنسی مارکیٹ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کے معاہدے کی خبروں کے بعد روپے پر دباؤ کے باعث ڈالر مہنگا ہوا ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعدروپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کی خبریں گردش کررہی تھیں ۔واضح رہے کہ تاحال قومی اسمبلی نے مالی سال 20-2019ء کا بجٹ بھی منظور نہیں کیا اورایوان میں بجٹ پیش کیے جانے سے اب تک ڈالر کا ریٹ لگ بھگ 5روپے بڑھ چکا ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت کے اقتدار میں آنے سے اب تک ڈالر کی قیمت میں لگ بھگ 26 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ڈالر کی اونچی اُڑان پر معاشی تجزیہ کاروں نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا جس کا بوجھ عوام پر پڑے گا۔