ملک میں ایڈز کی وبا، پنجاب میں سندھ سے زیادہ ایچ آئی وی کیسز ہونے کا انکشاف

پنجاب میں 13 ہزار 400 سے زائد افراد کے ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہونے کا انکشاف ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 26 جون 2019 13:19

ملک میں ایڈز کی وبا، پنجاب میں سندھ سے زیادہ ایچ آئی وی کیسز ہونے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جون 2019ء) : سندھ کے بعد اب پنجاب میں بھی ایچ آئی وی ایڈز کا مرض پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ سندھ میں لاڑکانہ میں دس ہزار 664 افراد کی بلڈ اسکریننگ کی گئی جس میں سے 448 افراد کا ایچ آئی وی ٹیسٹ پازیٹو نکلا۔ متاثرین میں 359 بچے ، 60 مرد اور 29 خواتین بھی شامل تھے۔ تاہم اب پنجاب میں بھی 13 ہزار 400 سے زائد افراد کے ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہونے کا انکشاف ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ایڈز کے کیسز ضلع ڈیرہ غازی خان میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 3 ہزار سے زائد افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہیں۔ دوسری جانب لاڑکانہ کے بعد پاکستان کے شہر فیصل آباد میں بھی ایڈز کا مرض سر اُٹھانے لگا تھا۔ فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال کے ایڈز کنٹرول پروگرام یونٹ میں 2 ہزار 680 مریض رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

رجسٹرڈ مریضوں کا تعلق فیصل آباد، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ننکانہ صاحب سے ہے۔

الائیڈ ہسپتال کی رپورٹ کے مطابق عطائی ڈاکٹرز، استعمال شدہ سرنج کا استعمال، حجام اور بے راہ روی ایچ آئی وی وائرس کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اسپتال کی اس رپورٹ کے مطابق مریضوں میں مردوں کی تعداد 2300 جبکہ خواتین کی تعداد296 ہیں۔ ایڈز سے متاثرہ مریضوں میں 2 ہزار سے زائد نشے کے عادی افراد شامل ہیں۔ ایڈز سے متاثرہ اب تک 267 افراد کی اموات ہو چکی ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایڈز کا علاج انتہائی مہنگا ہے تاہم احتیاطی تدابیر ااپنا کر اس مرض کا پھیلاؤ روکا جاسکتا ہے۔ فیصل آباد میں ایڈز کے مریضوں کے لیے الائیڈ اسپتال میں صرف ایک کمرے کا وارڈ موجود ہے۔ جبکہ اسکریننگ کے دوران جیلوں میں موجود 3 ہزار قیدیوں میں بھی ایچ آئی وی کا وائرس پایا گیا۔