آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) سمیت اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی دیگر جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی شرکت

بدھ 26 جون 2019 13:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) جمعیت علماء اسلام( ف ) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جمعیت علماء اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، قومی وطن پارٹی، جمعیت علمائے پاکستان سمیت اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی دیگر جماعتوں کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

بدھ کو یہاں منعقد ہونے والی اے پی سی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، میاں رضا ربانی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ، فرحت اللہ بابر اور شیری رحمان جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف، مریم نواز، ایاز صادق، راجہ ظفرالحق، شاہد خاقان عباسی، مہتاب عباسی، عبدالقادر بلوچ اور رانا ثناء اللہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نیشنل پارٹی پاکستان کے وفد نے پارٹی کے چیئرمین میر حاصل خان بزنجو کی سربراہی میں شرکت کی۔ وفد میں سینیٹر طاہر بزنجو اور سینیٹر میر کبیربھی شامل تھے۔ پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے وفد نے پارٹی صدر محمود اچکزئی کی سربراہی میں اے پی سی میں شرکت کی۔ ان کے وفد میں سینیٹر عثمان کاکڑ بھی شامل تھے۔ اے این پی کے وفدنے پارٹی صدر اسفندیار ولی خان کی قیادت میں اے پی سی میں شرکت کی۔

ان کے وفد میں رکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی اور سابق صوبائی وزیر میاں افتخار حسین بھی شامل تھے۔ یہ جے یوپی کے وفد نے پارٹی صدر صاحبزادہ اویس نورانی کی سربراہی میں اے پی سی میں شرکت کی۔ جے یوآئی (ف) کے اے پی سی میں شرکت کرنے والے رہنما مولانا فضل الرحمان کے علاوہ اکرم خان درانی، رحمت اللہ کاکڑ اور مولانا عبدالغفور حیدری شامل تھے۔ اے پی سی میں جمعیت اہل حدیث کے صدر سینیٹر ساجد میر اور قومی وطن پارٹی کے صدر آفتاب شیرپاؤ نے بھی شرکت کی۔