آئی سی سی ورلڈکپ،پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار

گراﺅنڈ گیلا ہونے کے باعث امپائرز نے ٹاس موخر کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 جون 2019 13:54

آئی سی سی ورلڈکپ،پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار
برمنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون2019ء) آئی سی سی ورلڈکپ کے33ویں میچ میں پاکستان اور نیو زی لینڈ کے مابین ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم گراﺅنڈ گیلا ہونے کے باعث اب اس وقت امپائرز گراﺅنڈ کا معائنہ کریں گے ۔سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کی جیت ضروری ہے اور اگر کیوی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائےگی۔

ورلڈکپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیمیں اب تک ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف دو میچز جیتے ہیں۔امکان ہے کہ پاکستان ٹیم اہم میچ میں دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، ایونٹ کی ناقابل شکست نیوزی لینڈ اب تک مضبوط ترین ٹیم ثابت ہوئی ہے، کیویز کپتان کین ولیمسن186.50 کی اوسط کے ساتھ 373 رنز بنا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے بعد بنگلادیش اور افغانستان سے مقابلہ کرنا ہے جبکہ انگلینڈ کے اگلے دو میچز مضبوط حریفوں بھارت اور نیوزی لینڈ سے ہیں۔اسی طرح بنگلادیش کے اگلے میچز بھارت اور پاکستان سے ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان ٹیم نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں ، 2 میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہو نے کی وجہ سے 5 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے،کیویز ٹیم نے 6 میچز میں سے 5 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر مو جود ہے۔