روپے کی قدر میں کمی سے ادائیگیوں میں عدم تواز ن پیدا ہو گا ، صدر آر سی سی آئی

بدھ 26 جون 2019 17:29

روپے کی قدر میں کمی سے ادائیگیوں میں عدم تواز ن پیدا ہو گا ، صدر آر ..
راولپنڈی26جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) تاجر برادری نے ڈالر کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روپے کی قدر مستحکم کرنے کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامر س کے صدر ملک شاہد سلیم نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران برآمدات کے فروغ اور در آمدی حجم کم کرنے کے لیے روپے کی قدر میں کمی کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکے۔

انہوں نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر پر گہری تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک سو ساٹھ روپے کا ہو گیا ہے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بنک فوری اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے ادائیگیوں میں عدم تواز ن پیدا ہو گا ، بیرونی قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگیوں میں مزید اضافہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

اس اضافے سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو گا۔

قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صنعت کی ترقی کا دارمدار خام مال کی دستیابی پر ہے روپے کی گراوٹ کی وجہ سے خام مال اور مشینری مزید مہنگی ہو جائے گی جس سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہو گا مقامی صنعت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ روپے کی قدر بہتر ہو۔مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر شرجیل میر نے سرکاری خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ڈالر ریٹ کے استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے بصورت دیگر ملکی معیشت پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :