دُبئی میں ہولناک بس حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کو7 سال کی قید کا امکان

اومانی بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث 17 افراد زندگی سے محروم ہو گئے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 جون 2019 17:11

دُبئی میں ہولناک بس حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کو7 سال کی قید کا امکان
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 26جُون 2019ء) دُبئی پولیس پراسیکیوٹر کی جانب سے گزشتہ دِنوں بس کو پیش آنے والے حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور کو قرار دے دیا، اور امکان ظاہر کیا ہے کہ اگر اُس پر غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے باعث ایک درجن سے زائد ہلاکتوں کا الزام ثابت ہو گیا تو ایسی صورت میں اُسے سات سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ دُبئی کے سرکاری استغاثہ کی جانب سے یہ کیس عدالت کو بھیج دیا گیا ہے۔

استغاثہ کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اومان سے دُبئی آنے والی بس کو حادثہ بس کے ڈرائیور کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔ اس لیے ڈرائیور کو سات سال قید کی سزا سُنائی جائے ۔ اس حادثے میں مرنے والے 17افراد کے لواحقین کو زر تلافی کے طور پر ڈرائیور سے تیس لاکھ درہم دلوائے جائیں جبکہ 13 زخمیوں کو بھی زرِ تلافی کی مد میں ڈرائیور کی جانب سے چالیس لاکھ درہم دلوائے جائیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 6 جُون کو دُبئی شہر کی تاریخ کا سب سے افسوس ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا۔ جب اومان کے دارالحکومت مسقط سے دُبئی کو آنے والی بس اچانک بے قابو ہو کر فولادی بیریئر سے جا ٹکرائی تھی۔یہ واقعہ دُبئی کی شاہراہ محمد بن زاید روڈ پر پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کا تعلق اومان، بھارت اور یورپی ممالک سے تھا۔ استغاثہ کی جانب سے ڈرائیور پر ٹریفک خلاف ورزی، مسافروں کی جان خطرے میں ڈالنے سمیت کئی اور الزمات عائد کیے گئے ہیں۔