مکّہ معظمہ میں 25 شوال سے غیر مُلکیوں کا داخلہ ممنوع ہو جائے گا

مملکت میں مقیم غیر مُلکیوں پر یہ پابندی حج کے سلسلے میں لگائی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 جون 2019 17:57

مکّہ معظمہ میں 25 شوال سے غیر مُلکیوں کا داخلہ ممنوع ہو جائے گا
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 26جُون 2019ء) مکّہ شہر کی انتظامیہ کی جانب سے غیر مُلکیوں کے شہر میں داخلے پر عارضی پابندی لگائی جا رہی ہے، یہ پابندی حرمین ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والے تارکین وطن پر بھی عائد ہو گی۔ انتظامیہ کے مطابق مملکت میں مقیم تارکین پر داخلے کی یہ پابندی 25 شوال سے لے کر 10 ذی الحج تک لاگو ہو گی۔ اس پابندی کا اطلاق شاہی فرمان کے نتیجے میں کیا جا رہا ہے۔

جو ہر سال کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ اس فرمان کے مطابق مکّہ شہر سے باہر مقیم غیر مُلکیوں کو حج سیزن کے دوران شہر میں داخلے کی ممانعت ہوتی ہے۔ صرف وہی غیر مُلکی جو پہلے سے اس شہر میں رہائش پذیر ہیں، صرف اُنہیں ہی شہر میں آنے کی اجازت ہوتی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ جن لوگوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے وہ حج سیزن کے دوران متعلقہ اتھارٹیز سے ٹریول پرمٹس ضرور حاصل کریں۔

(جاری ہے)

اس پابندی کا اطلاق شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں، بسوں، ٹرکوں اور دیگر ٹرانسپورٹ ذرائع پر بھی ہوتا ہے۔ جبکہ اس بار حرمین ٹرین سے آنے والے غیر مُلکیوں کو بھی شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج بیت اللہ کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق عازمین حج کی پہلی پرواز 4 جولائی 2019ءکو سعودی مملکت پہنچ جائے گی۔

عازمین حج سعودی مملکت میں فضائی، زمینی اور سمندری راستوں سے آئیں گے۔ یہ سلسلہ 4 جولائی 2019ءسے شروع ہو کر 5 اگست 2019ءتک جاری رہے گا۔ جس کے بعد کسی حاجی کو مملکت میں فریضہ¿ حج کے لیے آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔سعودی محکمہ شہری ہوا بازی اور مکّہ ریجن کی انتظامیہ کی جانب سے حاجیوں کی مذہبی زیارت کو آرام دہ بنانے کے لیے دِن رات بھرپور تیاریاں اور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے تمام سرکاری اور نجی اداروں نے اپنی تیاریوں کو اختتامی شکل دے دی ہے۔ شاہ عبدالعزیز کے حج ٹرمینل پر حاجیوں کے لیے 14 شاندار لاﺅنج موجود ہیں جن میں اُن کے لیے طبی، پاسپورٹ، کسٹم، ویکسین اور دیگر کئی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔