دونوں پاکستانی ٹیمیں مسلسل دو فتوحات حاصل کر کے ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ گئیں

بدھ 26 جون 2019 18:47

دونوں پاکستانی ٹیمیں مسلسل دو فتوحات حاصل کر کے ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن ..
دوحہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) پاکستان کی دونوں ٹیمیں مسلسل دو فتوحات حاصل کر کے ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو قطر میں شروع ہونے والی ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ میں گروپ اے کے پہلے میچ میں محمد بلال اور اسجد اقبال پر مشتمل پاکستان ٹیم اے نے پہلے میچ میں سنگاپور ٹیم کو 3-2 فریمز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا، بعدازاں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم اے نے بھارت ٹیم بی کو 3-1 فریمز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔

گروپ ڈی میں بابر مسیح اور ذوالفقار عبدالقادر پر مشتمل پاکستان ٹیم بی نے پہلے میچ میں فلپائن کو با آسانی 3-0 فریمز سے زیر کر کے کامیابی سمیٹی، بعدازاں دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم بی نے میانمار کو 3-1 فریمز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دونوں ٹیمیں ناک آئوٹ مرحلے میں جمعرات کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔