گیل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر یو ٹرن، بھارت کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز کیلئے دستیابی ظاہر کر دی

بدھ 26 جون 2019 18:49

گیل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر یو ٹرن، بھارت کے خلاف ..
مانچسٹر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے رواں برس اگست میں بھارت کے خلاف شیڈول ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کیلئے دستیابی ظاہر کر دی۔ گیل نے رواں سال فروری میں اعلان کیا تھا کہ وہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ دیں گے۔

بدھ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گیل نے کہا کہ اس وقت تمام تر توجہ بھارت کے خلاف میچ پر مرکوز ہے، کوشش ہو گی کہ عمدہ پرفارم کے ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کروں۔ ورلڈ کپ کے بعد مستقبل کے بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنا چاہتا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بھی ٹیم کو دستیاب ہوں گا البتہ ٹی ٹونٹی سیریز نہیں کھیلوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیریئر کے دوران جو کامیابیاں حاصل کیں وہ میرے لئے یادگار ہیں، بھارت کے خلاف سیریز میں سنچری بنانے کی خواہش ہے، اگر کامیاب نہ بھی ہوا تو خود سے شکوہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کیریئرکے دوران اتار چڑھائو آتا رہا لیکن ویسٹ انڈیز کی طرف سے کھیل کر ہر لمحے سے لطف اندوز ہوتا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میں دو ٹرپل سنچریاں اور ون ڈے میں ڈبل سنچری میرے کیریئر کی یادگار اننگز ہیں، ویسٹ انڈین ٹیم باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور مجھے اس کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔