ورلڈ کپ،27سال بعد پاکستان ،نیوزی لینڈ کو دوسری نسل آمنے سامنے

روڈ لیتھم کے بیٹے ٹام لیتھم اور انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق آج کا میچ کھیل رہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 جون 2019 18:45

ورلڈ کپ،27سال بعد پاکستان ،نیوزی لینڈ کو دوسری نسل آمنے سامنے
برمنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون2019ء) آئی سی سی ورلڈ کپ میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جارہے میچ میں دونوں ٹیموں کی دوسری نسل27سال بعد ایک دوسرے کے خلاف ایکشن میں ہے ۔ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ٹام لیتھم کے والد روڈ لیتھم نے ورلڈ کپ1992ءمیں بطور اوپنر پاکستان کے خلاف میچ کھیلا تھا تاہم وہ صرف 6رنز بنا کر عاقب جاوید کا شکار بنے گئے ،27سال بعد ان کے بیٹے ٹام لیتھم نے پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تاہم وہ بھی صرف ایک رن بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بنے گئے ۔

ادھر قومی ٹیم کے موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 1992ءکے ورلڈ کپ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا تاہم اس میچ میں وہ صرف5رنز سکور کرکے پوویلن لوٹے،اب ان کے بھتیجے امام الحق بھی نیوزی لینڈ کے خلاف آج کا مقابلہ کھیل رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کی جیت ضروری ہے اور اگر کیوی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائےگی۔ورلڈکپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیمیں ابتک ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف دو میچز جیتے ہیں۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے بعد بنگلادیش اور افغانستان سے مقابلہ کرنا ہے جبکہ انگلینڈ کے اگلے دو میچز مضبوط حریفوں بھارت اور نیوزی لینڈ سے ہیں،اسی طرح بنگلادیش کے اگلے میچز بھارت اور پاکستان سے ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان ٹیم نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں ، 2 میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہو نے کی وجہ سے 5 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست ہے،کیویز ٹیم نے 6 میچز میں سے 5 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر مو جود ہے۔