ورلڈ کپ ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 238رنز کا ہدف دیدیا

ڈی گرینڈ ہوم اور نیشم کی نصف سنچریاں،شاہین آفریدی کے 3شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 جون 2019 19:21

ورلڈ کپ ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 238رنز کا ہدف دیدیا
برمنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون2019ء) آئی سی سی ورلڈکپ کے 33ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 238رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ برمنگھم کے ایجبسٹن گراﺅنڈ میں کھیلا جارہا میچ ایک گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا تو مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل محمد عامر کا شکار بن گئے، وہ صرف 5 رنز بناسکے،کولن منرو بھی 12رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، 38 کے مجموعے پر روز ٹیلر 3 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیندپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے،ٹام لیتھم بھی صرف ایک رن بنا کر شاہین آفریدی کی تیسری وکٹ بنے ،جمی نیشم اور کین ولیمسن نے پانچویں وکٹ کیلئے37رنز جوڑے جس کے بعد ولیمسن 41رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے،نیشم اور گرینڈہوم نے پاکستانی بولرز کے سامنے بھرپور مزاحمت کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں132رنز جوڑے اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، ڈی گرینڈ ہوم 64رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے،آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گیارہ رکنی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، کپتان سرفراز، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کی جیت ضروری ہے اور اگر کیوی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائےگی۔ورلڈکپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیمیں ابتک ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف دو میچز جیتے ہیں۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کے بعد بنگلادیش اور افغانستان سے مقابلہ کرنا ہے جبکہ انگلینڈ کے اگلے دو میچز مضبوط حریفوں بھارت اور نیوزی لینڈ سے ہیں،اسی طرح بنگلادیش کے اگلے میچز بھارت اور پاکستان سے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان ٹیم نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں ، 2 میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہو نے کی وجہ سے 5 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست ہے،کیویز ٹیم نے 6 میچز میں سے 5 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر مو جود ہے۔