پاکستان کا یومِ آزادی 15اگست کو منایا جائے، لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

انڈیپینڈنٹ ایکٹ 1947 کے مطابق پاکستان کا یوم آزادی 15 اگست ہی ہے لیکن وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، درخواست گزار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 26 جون 2019 20:23

پاکستان کا یومِ آزادی 15اگست کو منایا جائے، لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون2019ء) پاکستان کا یوم آزادی 15 اگست کو منانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست گزار محمد حسنین نے اپنے وکیل شہباز اکمل جندران کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب کریکولم بورڈ کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار نے موٴقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان کا یوم آزادی 14 اگست کوممنانے کی کے بجائے 15 اگست کو منایا جائے کیونکہ پاکستان کی آزادی کے موقع پر ہونے والے معاہدے میں طے پایا تھا کہ 15 اگست کو پاکستان اور بھارت کے نام سے 2 ریاستیں وجود میں آئیں گی۔

درخواست گزار کا درخواست میں مزیدکہنا ہے کہ انڈین انڈیپینڈنٹ ایکٹ 1947 کے مطابق پاکستان کا یوم آزادی 15 اگست ہی ہے لیکن وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کے بننے سے پہلے انڈین انڈیپینڈنٹ بل 4 جولائی 1947 کو متعارف کرایا گیا تھا جو کہ 15 جولائی 1947 کو قانون بن گیا ۔ اس ایکٹ کے مطابق بھارت اور پاکستان 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب ایک آزاد مملکت کے طور پر وجود میں آئے۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت ِپاکستان کو یوم آزادی 14 اگست کے بجائے 15 اگست کو منانے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وجود میں آنے کے بعد سے آج تک پاکستان کا یوم آزادی 14 اگست اور بھارت کا یوم آزادی 15 اگست کو منایا جا رہا ہے۔پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ا نتھک محنت کے بعد وجود میں آیا تھااور 27رمضان المبارک کو 14اگست کی رات ختم ہونے کے بعد 12بج کر 5منٹ پرریڈیو پاکستان پر پاکستان کی آزادی کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس وقت ریڈیو پر اعلان کیا گیا تھا ’یہ ہے ریڈیو پاکستان ، آپ سب کو پاکستان مبارک ہو‘۔ اب پاکستان کا یوم آزادی 15 اگست کو منانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔