ورننس، روزگار، تعلیم اور فنون و ثقافت کے شعبوں میں سوئٹزر لینڈ کا تعاون قابل تحسین ہے

وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار کا سوئٹزر لینڈ کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب

بدھ 26 جون 2019 20:49

ورننس، روزگار، تعلیم اور فنون و ثقافت کے شعبوں میں سوئٹزر لینڈ کا تعاون ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سوئٹزر لینڈ اپنے تعلقات کے قیام سے اب تک پاکستان کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ گورننس، روزگار، تعلیم اور فنون و ثقافت کے شعبوں میں سوئٹزر لینڈ کا تعاون قابل تحسین ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یہاں سوئٹزر لینڈ کے قومی دن کے موقع پر یہاں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں سفارتکاروں، سیاستدانوں، سینئر حکومتی و سول افسران اور فنکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔وزیر منصوبہ بندی نے قدرتی آفات میں سوئٹزر لینڈ کی جانب سے انسانی امداد کا خصوصی ذکر کیا اور مختلف ٹاپ سوئس کمپنیوں کے کردار کو اجاگر کیا جس کی مصنوعات روز مرہ استعمال کا اہم جز بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان میں مقیم 28 لاکھ افغان مہاجرین کو بہتر صفائی اور صاف پانی کی سہولتیں فراہم کرنے میں سوئس کردار کو بھی سراہا ۔پاکستان میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر تھامس کولے نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ پاکستان کیساتھ اپنی دوستی اور تعاون کیلئے پر عزم ہے۔ ہیومنٹیرین ایڈکے سربراہ اور ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی سی سفیر مینوئل بیسیر نے کہاکہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے خصوصی تعلقات اور سفارتی تعلقات کی طویل تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں دونوں ملکوں کے مابین تعاون کا نیا دور دیکھنے کا متمنی ہوں کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات 1949میں قائم ہوئے جو گزشتہ ستر سالوں سے مستحکم بنیادوں پر قائم ہیں۔سوئٹزرلینڈ پاکستان میں براہ راست سرمایہ کرنے والے سرفہرست پانچ ممالک میں شامل ہے۔اس وقت پاکستان میں اکیس سوئس کمپنیاں آپریٹ کر رہی ہیں۔