آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس‘ امن و امان کی صورتحال سمیت ترقیاتی منصوبوں پر غور

ایس ایچ اوز کے کمروں اورحوالات میں لگے کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے ،سی سی پی او سمیت فیلڈ افسران ڈولفن فورس کی مانیٹرنگ ٹیموں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں ،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے دوران شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے‘ کیپٹن (ر) عارف نواز خان

بدھ 26 جون 2019 22:00

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس‘ امن و امان کی صورتحال سمیت ترقیاتی ..
لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کے تھانوں میں ایس ایچ اوز کے کمروں اورحوالات میں لگائے گئے کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کو ہر صورت بلا تعطل یقینی بنایا جائے تاکہ جہاں شہریوں کی شکایات اور مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر ممکن ہوسکے وہیں زیر حراست ملزموں کے حقوق کے تحفظ میں بھی کوئی کسر باقی نہ رہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن فورس کی پٹرولنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے سی سی پی او لاہور سمیت دیگر فیلڈ افسران مانیٹرنگ ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹر کریں جبکہ شہریوں کے ساتھ بدتمیزی یا اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے انفراسٹرکچر سمیت دیگر ترقیاتی پراجیکٹس کو بھرپور شفافیت کے ساتھ مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کیا جائے جبکہ جدید پولیسنگ کے چیلنجز سے نبرد آزماہو نے کیلئے فورس کی کپیسٹی بلڈنگ اور ریفریشر کورسزپر خاص توجہ دی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران لاہور میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سمیت ڈویلپمنٹ پلان سے متعلقہ امور زیر بحث آئے ۔اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور نے سٹریٹیجک ڈویلپمنٹ پلان سمیت فورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جاری پراجیکٹس کے متعلق آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے پولیس جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات میں مصروف ہے اورامن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کو پولیس سے متعلق سروسز کی بہترین ڈلیوری پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے ۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ اے کیٹیگری کے مجرمان ، خطرناک اشتہاریوںسمیت سماج دشمن عناصر کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میںجاری کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے جبکہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز ، ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں ہونے والے آپریشنز کی خود نگرانی کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ورکنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے فیلڈ افسران تھانوں کے سرپرائز وزٹس کے دوران ریکارڈلازمی چیک کریںاور اہلکاروں کو انکی ڈیوٹی کے حوالے سے موثر بریفنگ بھی دیں تاکہ وہ اپنے فرائض مزیدمحنت ، تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سینئر افسران سالانہ ترقیاتی پلان میں اہلکاروں کی ویلفیئر سے متعلقہ امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور ماتحت اہلکاروں کی بروقت پروموشن کیلئے اے سی آرز سمیت دیگر دستاویزات جلداز جلد مکمل کریںتاکہ فورس پوری دلجمعی اور بھرپور محنت کے ساتھ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بناسکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کیپٹن (ر)احمد لطیف، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی ، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ غلام رسول زاہد، سی سی پی اولاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمدخان ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، ڈی آئی جی لاجسٹکس رائے بابر سعید، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر افضال احمد کوثر، ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی احسن یونس، ڈی آئی جی سیکیورٹی عمران احمر ، سی ٹی او لاہور کیپٹن لیاقت ملک، ایس ایس پی ایڈمن لاہور، اطہر وحید، ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ذیشان اصغر سمیت دیگرافسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :