پنجاب کی تمام 41جیلوں میں ہر قیدی کے ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ کرنے کا حکم

،صوبہ بھر میں 18ایڈز ٹریٹمنٹ سنٹرز قائم ہیں،پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں حجام اور بیوٹی پارلرز کو رجسٹر کیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد

بدھ 26 جون 2019 22:01

پنجاب کی تمام 41جیلوں میں ہر قیدی کے ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ کرنے ..
لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) صو با ئی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب کی تمام 41جیلوں میں ہر قیدی کے ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ کرنے کا حکم دے دیا،انہوں نے یہ حکم ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب میں ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن مومن آغا، صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان، آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم اور سپیشل سیکرٹری مدثر وحید، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر، ایڈیشنل سیکرٹری جیل خانہ جات اور ہیلتھ کیئر کمیشن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر مدثر وحید اور آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم نے صو با ئی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے ایچ آئی وی ایڈز سکریننگ اور روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں ایڈز کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ری ہیبلی ٹیشن سنٹر قائم کئے جائیں۔

تمام جیلوں میں ایڈز اور ٹی بی کے مریض قیدیوں کو عام قیدیوں سے الگ بیرکس میں رکھا جائے،پنجاب کی تمام جیلوں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو فوراً مکمل کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے ماہر نفسیات کی خدمات زیادہ اہمیت کی حامل ہیں۔پنجاب بھر کے حکیموں کے خلاف سخت کریک ڈائون کیا جائے۔پنجاب میں ٹاسک فورس آن ڈرگ ایڈکشن قائم کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے موثر آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے۔پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے گزشتہ ایک سال کے دوران 50ہزار سے زائد غیرقانونی علاج گاہوں کے خلاف قانونی کارروائی کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں ایڈز کے تمام رجسٹرڈ مریضوں کو مفت علاج معالجہ و ادویات کی سہولت میسر ہے۔

پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 18ایڈز ٹریٹمنٹ سنٹرز قائم ہیں۔پنجاب میں ایڈز کی روک تھام کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کے ساتھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز، انفیکشن کنٹرول پروگرام، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام، ٹی بی کنٹرول پروگرامز، نارکوٹیکس کنٹرول اور ڈونرز سب مل کر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب صوبہ بھر کی تمام جیلوں میں سکریننگ سنٹرز کے ذریعے قیدیوں کی سکریننگ کر رہا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب ایڈز کی روک تھام کے حوالہ سے صوبہ بھر میں آگاہی واکس، ڈرامے، تعلیمی اداروں میں پوسٹرمقابلے اور ہیلتھ پروفیشنلز کی باقاعدہ تربیت کروا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں حجام اور بیوٹی پارلرز کو رجسٹر کیا جا رہا ہے۔محکمہ صحت پنجاب صوبہ بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایڈز کے مریضوں کے علاج معالجہ کے سلسلہ میں بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنا رہا ہے۔