منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے میںمیڈیا سب سے موثر کردار ادا کر سکتا ہے‘ نئی نسل کو صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کی طرف راغب کرنا اولین ترجیح ہے ‘

الحمرا میں یوم انسداد منشیات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے صمصام بخاری، ہاشم ڈوگر و دیگر کا خطاب

بدھ 26 جون 2019 22:49

منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے میںمیڈیا سب سے موثر کردار ادا کر سکتا ..
لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں میڈیا سے زیادہ کوئی ادارہ موثر کردار ادا نہیں کر سکتا۔ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لئے ہمیں اپنے تعلیمی نظام میں غیرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھرپور طریقے سے فروغ دینا ہو گا۔

منشیات کی لعنت کے خاتمے میں عام آدمی سے لے کر حکومت تک ہر ایک کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں یوم انسداد منشیات کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام گلوبل ویلفیئر آرگنائزیشن نے کیا تھا۔ تقریب سے صوبائی وزیربہبود آبادی کرنل ہاشم ڈوگر، ایم پی اے مسر سیمابیہ اور آرگنائزر ڈاکٹر ظفر اقبال میو نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سول سوسائٹی نیٹ ورک برائے انسداد منشیات کے ارکان سے صوبائی وزیر اطلاعات نے حلف بھی لیا۔ اپنے خطاب میں سید صمصام بخاری نے کہا کہ کسی بھی مسلمان معاشرے میں منشیات کا وجود ناقابل قبول ہے‘ لیکن پاکستانی معاشرے کی بدقسمتی ہے کہ یہاں پر یہ لعنت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے دیگر طبقوں سے زیادہ میڈیا کا یہ فرض ہے کہ وہ آگے آئے اور منشیات جیسے خطرناک روگ کی نشاندہی میں اپنا موثر کردار ادا کرے اس کار خیر میں پنجاب حکومت ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی نسل کے بچوں کو صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کی طرف راغب کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنے تعلیم و تربیت و تدریس کے شعبے میں اس بات کا خاص خیال رکھنا ہو گا تاکہ ہم ایک صحت مند معاشرے میں جی سکیں۔