وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سے تمباکو کمپنی فلپ مورس انٹرنیشنل کے ایم ڈی کی ملاقات

بدھ 26 جون 2019 23:10

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سے تمباکو کمپنی فلپ مورس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود سے تمباکو کمپنی فلپ مورس انٹرنیشنل کے ایم ڈی کی وفد کے ہمراہ ملاقات۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستانی تمباکو کی برآمدات سمیت تمباکو کے کاشتکاروں کی بہتری کے لئے مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈی فلپ مورس جوآو مارٹنز کا کہنا تھا کہ تمباکو کے شعبے کی تجربہ کار کمپنی الائنس ون انٹرنیشنل کو پاکستان میں متعارف کروانا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الائنس ون انٹرنیشنل پاکستانی تمباکو کے کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات مہیا کرے گی جس سے ان کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود کو بتایا کہ الائنس ون انٹرنیشنل تمباکو کی پیداوار سے برآمدات تک تمام تر معاملات میں مہارت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

جوآو مارٹنز نے بتایا کہ پاکستانی تمباکو کی 30 ملین ڈالرز کی برآمدات کو دوسال تک 100 ملین ڈالرز تک لے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی تمباکو کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی جس سے ملکی ذرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود نے بین الاقوامی کمپنی کے وفد کو خوش آمدید کہا اور فلپ مورس انٹرنیشنل کی سرمایہ کاری کی پیش کش کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سرمایہ کاری سے پاکستانی تمباکو کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ الائنس ون انٹرنیشنل کے پاکستان آنے سے پاکستانی تمباکو کاشتکاروں کو جدید تکنیک اور تجربہ سے بھرپور فائدہ ہوگا۔ مشیر تجارت نے کہا کہ الائنس ون انٹرنیشنل کے آنے سے تمباکو کی غیر قانونی خرید و فروخت کم ہوجائے گی اور برآمدات اور ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوگا۔