خصوصی افراد کو بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سید قاسم نوید قمر

بدھ 26 جون 2019 23:10

خصوصی افراد کو بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سید قاسم نوید قمر
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے، ان کے حقوق کا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے اس کے علاوہ پبلک مقامات، ٹرانسپورٹ اور زندگی گزارنے کے لئے بہتر مواقع تک رسائی ان خصوصی افراد کا بنیادی حق ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے بدھ کو شہری نامی تنظیم کی جانب مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر عامرہ انور، آمین اندانی اور ممتاز علی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سید قاسم نوید قمر نے مذید کہا کہ ہم خصوصی افراد کے لیے ایکٹ 2018 پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کروانے کی کوشش کررہے ہیں اور ان خصوصی افراد کو معاشرے میں ایک باعزت مقام دلانے کے لئے مزید قانون سازی بھی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان خصوصی افراد کو باعزت مقام دلانے اور ان کی ضرورت کی چیزوں تک رسائی کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ خصوصی افراد سے متعلق سوچ میں تبدیلی لائی جائے اور خصوصی افراد کو معاشرے کا لازمی حصہ سمجھا جائے اور انہیں بوجھ تصور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے کو اس انداز سے ترتیب دینے کی ضرورت ہے جہاں یہ خصوصی افراد باآسانی اپنے معمولات زندگی انجام دے سکیں اور یہی ہماری ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :