واں ورلڈ کپ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اہم میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا کر تیسری کامیابی حاصل کر لی،

فتح کے ساتھ شاہینوں کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں مزید روشن کیویز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 237 رنز بنائے، 83 رنز پر آدھی ٹیم آئوٹ ہونے کے بعد نیشم نے 97 اور گرینڈ ہوم نے 64 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، شاہین نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں پر حاصل کیا، بابر اعظم نے 101 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، حارث کی 68 رنز کی اننگز، بابر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

بدھ 26 جون 2019 23:46

واں ورلڈ کپ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اہم میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا کر تیسری ..
برمنگھم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اہم میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی گرین شرٹس کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں مزید روشن ہو گئیں، نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 237 رنز بنائے، عامر اور شاہین نے عمدہ لائن و لینتھ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 کے سکور پر آدھی ٹیم پویلین بھیج دی، اس موقع پر نیشم اور گرینڈ ہوم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں132 قیمتی رنز جوڑکر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، نیشم 97 اور گرینڈ ہوم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں لیں۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں پر حاصل کیا، بابر اعظم اور حارث نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 126 جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، حارث 68 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے لیکن بابر ڈٹے رہے، انہوں نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کیویز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، کپتان سرفراز احمد نے وننگ چوکا لگایا، بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

بدھ کو ورلڈ کپ میں کھیلے گئے 33ویں میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کیویز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کیویز اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور دوسرے ہی اوور میں عامر نے گپٹل کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 5 رنز بنائے، 24 کے سکور پر کیویز کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب کولن منرو 12 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، شاہین نے اپنے اگلے اوور میں روز ٹیلر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، وہ 3 رنز بنا سکے، شاہین نے ٹام لیتھم کو بھی وکٹ پر ٹھہرنے کا موقع نہ دیا اور 1 رن پر انہیں چلتا کیا، 83 کے سکور پر کیویز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ولیمسن 41 رنز بنانے کے بعد شاداب کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر جیمز نیشم اور کولن ڈی گرینڈ ہوم گرین شرٹس کے بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 132 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، 215 کے سکور پر کیویز کی چھٹی وکٹ گری جب گرینڈ ہوم 64 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، نیشم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 97 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیل کر بائولرز کو فائٹ کرنے کرنے کا موقع دیا، مچل سینٹنر 5 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شاہین آفریدی نے 3 جبکہ عامر اور شاداب نے 1، 1 وکٹ لی۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا، ہدف کے تعاقب کیلئے گرین شرٹس جب میدان میں اترے تو فخر زمان اور امام الحق ٹیم کو 19 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، فخر 9 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 44 کے سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب امام الحق 19 رنز بنانے کے بعد فرگوسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر بابر اور حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 66 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا، 110 کے سکور پر ولیمسن نے حفیظ کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 32 رنز بنائے، اس کے بعد حارث نے بابر کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر کیویز بائولرز کا مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 126 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، حارث 68 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، بابر اعظم ڈٹے رہے، انہوں نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی، سرفراز احمد 5 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن اور ولیمسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔