بابر اعظم تیز ترین 10 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے

سٹار بلے باز نے انضمام الحق اور اعجاز احمد کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا

بدھ 26 جون 2019 23:46

بابر اعظم تیز ترین 10 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے دنیا کے تیسرے ..
برمنگھم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) سٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 10 سنچریاں بنانے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پاکستان کی طرف سے زیادہ سنچریوں کا انضمام الحق اور اعجاز احمد کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، بابر نے بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں شاندار سنچری بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا، انہوں نے 68 اننگز میں 10 سنچریاں سکور کی ہیں، ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 10 سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز جنوبی افریقن بلے باز ڈی کوک کو حاصل ہے جنہوں نے 55 اننگز میں سنگ میل عبور کر رکھا ہے، ہاشم آملہ 57 اننگز میں اعزاز حاصل کر کے دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بابر نے دھون کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے 77 اننگز میں کارنامہ انجام دیا تھا۔

(جاری ہے)

بابر اعظم زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر چوتھے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں، وہ انضمام الحق اور اعجاز احمد کے ہم پلہ ہو گئے ہیں، سعید انور 20 سنچریوں کے ساتھ پہلے، محمد یوسف 15 سنچریاں بنا کر دوسرے اورمحمد حفیظ 11 سنچریاں بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔