ورلڈ کپ2019: پاکستان پوائنٹس ٹیبل میں اوپر آگیا

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے بعد پاکستان 7پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 26 جون 2019 23:51

ورلڈ کپ2019: پاکستان پوائنٹس ٹیبل میں اوپر آگیا
لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون2019ء) ورلڈ کپ 2019میں پوائنٹس ٹیبل میں پاکستان کی پوزیشن بہتر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے بعد پاکستان 7پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ سے پہلے پاکستان ساتویں نمبر پر تھا جبکہ افغانستان، ویسٹ انڈیز اور ساؤتھ افریقہ پاکستان سے نیچے تھے۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ سے میچ جیت کر سری لنکا کو ایک نمبر نیچے دھکیل کر چھٹی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ سری لنکا جو کہ چھٹے نمبر پر تھی اب ساتویں نمبر پر چلی گئی ہے۔

پاکستان کے ابھی تک 7میچز ہو چکے ہیں جن میں پاکستان نے 3میچز میں کامیابی حاصل کی اور 3میں قومی ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 1میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔پاکستان اس وقت چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ بنگلادیش 7پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، انگلینڈ 8پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، بھارت 9پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ، نیوزی لینڈ 11پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 12پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

پوائنٹس ٹیبل
پوائنٹس ٹیبل
 یاد رہے کہ آج پاکستان اور نوزی لینڈ کا آمنا سامنا ہوا، نیوزی لینڈ جو ورلڈ کپ میں ابھی تک تمام میچز جیتتا آرہا تھا آج پاکستان کے ہاتھوں 6وکٹوں سے ہار گیا۔ آئی سی سی ورلڈکپ کے 33ویں میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے شکست دیکر اپنی سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں مزید بڑھا لیں ۔

کیویز کے 238رنز کے ہدف کے تعاقب میںپاکستان کے لیے فخر زمان اور امام الحق پر مشتمل گرین شرٹس نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں 19 رنز پر فخرزمان کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے جب کہ 44 کے مجموعے پر امام الحق بھی چلتے بنے، وہ 19 رنز بنا سکے۔ نئے آنے والے بیٹسمین محمد حفیظ اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 66 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا تاہم جب مجموعی سکور 110 پر پہنچا تو محمد حفیظ 32 رنز بناکر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اس سے قبل ایجبسٹن گراﺅنڈ،برمنگھم میں کھیلا جارہا میچ ایک گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا تو مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل محمد عامر کا شکار بن گئے، وہ صرف 5 رنز بناسکے،کولن منرو بھی 12رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، 38 کے مجموعے پر روز ٹیلر 3 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیندپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے،ٹام لیتھم بھی صرف ایک رن بنا کر شاہین آفریدی کی تیسری وکٹ بنے ،جمی نیشم اور کین ولیمسن نے پانچویں وکٹ کیلئے37رنز جوڑے جس کے بعد ولیمسن 41رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے،نیشم اور گرینڈہوم نے پاکستانی بولرز کے سامنے بھرپور مزاحمت کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں132رنز جوڑے اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، ڈی گرینڈ ہوم 64رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے،پاکستانی بولرز نے آخری 10 اوورز میں 85 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی، نیوزی لینڈ کے آل راﺅنڈر جیمز نیشم نے بحرانی کیفیت میں شاندار بیٹنگ کی اور 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض ایک بار پھر مہنگے ثابت ہوئے، انہوں نے 10 اوورز میں 55 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ محمد عامر اس میچ میں سب سے زیادہ 67 رنز دینے والے بولر تھے۔آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گیارہ رکنی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، کپتان سرفراز، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کی جیت ضروری ہے اور اگر کیوی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائےگی۔