زرداری اور نواز شریف اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں

اپوزیشن لاکھ احتجاج کرے بجٹ منظور ہو جائے گا،نعیم الحق

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 27 جون 2019 07:08

زرداری اور نواز شریف اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں
لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2019ء)   اپوزیشن جتنی بھی مضبوط ہو جب تک اسے اپنے مفادات عزیز اور ایک دوسرے پر اعتماد نہیں ہو گا تب تک وہ کامیاب نہیں ہو سکے گی۔موجودہ حکومت کو ٹف تائم دینے کے لیے اگرچہ سبھی سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر نظر آتی ہیں مگر اندر ہی اندر ان کی ترجیحات اور مفادات ایک دوسرے سے اتنے مختلف اور دور ہیں کہ وہ چاہ کر بھی ایک نقطے پر نہیں آ پارہے۔

گزشتہ روز آل پارٹیز کانفرنس بھی منعقد ہو گئی جس سے بہت زیادہ توقعات کی جا رہی تھیں مگر اس کے اعلامیے میں وہی گھسی پٹی باتیں کی گئی ہیں جو آج سے کئی بار پہلے سیاسی پارٹیاں کرتی چلی آ رہی تھیں۔یہی وجہ ہے کہ اب حکوتی وزرا اور ارکان کو اپوزیشن پر تنقید کرنے کاموقع مل گیا ہے کہ یہ لوگ اپنے اپنے مفادات کی جنگ میں ہیں اور انہیں عوام کاکوئی درد نہیں ہے۔

(جاری ہے)

آل پارٹیز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کو نوازشریف اور آصف زرداری کی بقاءکا مسئلہ قرار دیا ہے جب کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز پر نفرت انگیز تقاریر کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ کئی مسائل پر اپوزیشن میں آپس میں اختلافات ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری پر الزامات ثابت ہو چکے ہیں اور اے پی سی کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین کی بقا ہے۔

نعیم الحق نے کہاکہ اے پی سی کو قانون کے دائرے میں بجٹ سے متعلق احتجاج کی اجازت ہے لیکن اپوزیشن نے بجٹ احتجاج کے لیے قانون توڑنے کی کوشش کی تو سخت ایکشن لے سکتے ہیں، اپوزیشن رویہ درست کرے، ہر چیز میں حکومت مخالف بدزبانی نہیں ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور بلاول کے بیانات، تقاریر کی وجہ سے ملک میں نفرت پھیل رہی ہے، نفرت کی فضا ملک، پارلیمان اور عوام کے لیے نقصان دہ ہے، انتباہ کرتاہوں نفرت انگیز بیانات اور تقاریر سے پرہیز کریں۔

بجٹ سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ یقین ہے ہفتے کو بجٹ منظور کرالیا جائے گا۔تب تک انہوں نے جو کچھ کرنا ہے کرتے پھریں۔نعیم الحق نے کہا کہ یہ لاکھ مخالفت کر لیں جیسے پنجاب کا بجٹ منظور ہوا ایسے ہی وفاق کابجٹ بھی منظر ہو جائے گا۔