Live Updates

نواز شریف صاحب کو بار بار انجائنا کی تکلیف ہو رہی ہے

خداناخواستہ مرض بڑھتا ہے تو مسلم لیگ ن کے ووٹرز کو خبر ہونی چاہئیے کہ کس کا گریبان پکڑنا ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 27 جون 2019 16:22

نواز شریف صاحب کو بار بار انجائنا کی تکلیف ہو رہی ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2019ء) : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نواز شریف صاحب کو بار بار انجائنا کی تکلیف ہو رہی ہے۔ اگر یہ جعلی حکومت اب بھی ان کے ڈاکٹر کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دیتی اور خداناخواستہ مرض بڑھتا ہے تو مسلم لیگ ن کے کروڑوں ووٹروں اور 22 کروڑ عوام کو خبر ہونی چاہئیے کہ کس کا گریبان پکڑنا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک اور پیغام میں کہا کہ آج صرف 5 قریبی رشتہ داروں کو میاں نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دی گئی وہ بھی سخت نگرانی میں۔ یہ بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اگر میرے اصولی مؤقف پر جعلی حکومت کا یہی رد عمل ہے تو دھیان رہے کہ میں خاموش تماشائی نہیں بنوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انجائنا کی تکلیف کے باوجود میاں صاحب کے ڈاکٹر کو ان تک رسائی نہیں دی جا رہی ، یہاں تک کہ آج بھی ان کے معالج کو دو گھنٹے جیل کے باہر کھڑا رکھا گیا جس کے بعد نواز شریف سے ملاقات کے بغیر ہی واپس بھیج دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جعلی اعظم تمہیں شرم آنی چاہئیے۔
مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ جیسے جیسے میں زیادہ بول رہی ہوں ویسے ویسے انتقامی کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور جعلی اعظم خود اس سب کی نگرانی کر رہا ہے۔ اچھا ہوتا اگر جعلی اعظم اپنی تمام تر قوت شریف خاندان کی بجائے ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت پر صرف کرے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی ہوتا ہے جب آپ 22 کروڑ عوام کی قسمت ایسے شخص کے حوالے کر دیتے ہیں جس کی واحد قابلیت چاکری کرنا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات