ورلڈکپ میں کفایتی بولنگ، شاہین آفریدی دوسرے پاکستانی باﺅلر بن گئے

میگا ایونٹ میں انڈر20باﺅلر کی جانب سے تیسرا بہترین سپیل بھی کرنے میں کامیاب ہوئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 جون 2019 16:24

ورلڈکپ میں کفایتی بولنگ، شاہین آفریدی دوسرے پاکستانی باﺅلر بن گئے
برمنگھم (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27جون2019ء) پاکستان نے گزشتہ روز کمال کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں ناقابل شکست رہنے والی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دے کر تمام ٹیموں کو خبردار کر دیا ہے تاہم اس میں جہاں سہیل حارث اور بابر اعظم نے کمالات دکھائے وہیں شاہین آفریدی بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے ورلڈ کپ میں کفایتی باﺅلنگ کرنے کا پاکستانی باﺅلرز کی فہرست میں دوسرامقام حاصل کر لیاہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 10 اوورز میں صرف 28 رنز دیے جبکہ اس کے ساتھ ہی انہوں نے 3 اہم ترین کھلاڑیوں کو بھی پولین پہنچایا اس سے قبل ورلڈ کپ 1999ءمیں وسیم اکرم نے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں تھیں ،شاہین شاہ آفریدی ورلڈکپ میں کسی بھی انڈر20بولر کی جانب سے تیسرا بہترین سپیل بھی کرنے میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

۔یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست کر سیمی فائنل کی راہ میں حائل ایک اور رکاوٹ عبور کرلی۔ایونٹ کے اہم میچ میں گرین شرٹس نے ناقابل شکست بلیک کیپس کی جیت کے سلسلے کو بریک لگا کر فائنل فور کی جانب ایک اور قدم بڑھادیا، نیوزی لینڈ کے 238 رنز کے جواب میں بابر اعظم اور حارث سہیل نے 126 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا جب کہ حارث سہیل نے بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 68 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق پر مشتمل گرین شرٹس نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں 19 رنز پر فخرزمان کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے جبکہ 44 کے مجموعے پر امام الحق بھی چلتے بنے، وہ 19 رنز بنا سکے۔

ابتدائی نقصان کے بعد تجربہ کار حفیظ اور بابر اعظم نے 66 رنز کی پاٹنرشپ قائم کرکے مجموعے کو 110 تک پہنچایا، اس دوران بابر اعظم نے کیریئر کے 3 ہزار رنز مکمل کیے۔ محمد حفیظ 32 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا جب کہ کپتان سرفراز احمد نے آخری اوور میں وننگ شارٹ کھیل کر ٹیم کی نہیہ کو پار لگایا۔

بابر اعظم نے 127 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایونٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی یہ پہلی سنچری تھی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ، فرگوسن اور کین ولیمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کےخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا تاہم 5 کے مجموعی سکور پر محمد عامر نے مارٹن گپٹل کو بولڈ کردیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے دوسرے اوپنر کولن منرو کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاہین آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اورچوتھے نمبر پر آنےوالے راس ٹیلر کو بھی صرف 3 رنز پر آﺅٹ کردیا، شاہین کی گیند پر سرفراز نے راس ٹیلر کا زبردست کیچ لیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پاکستانی بولرز کےخلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 41 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔

بعد ازاں جیمز نیشم اور کولن گرینڈ ہوم نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم 200 سے زائد اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔دونوں نے نہ صرف اپنی نصف سنچریاں سکور کیں بلکہ جیمز نیشان نے کیریئر کی بہترین اننگز بھی کھیلی، وہ 97 رن پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ گرینڈ ہوم 64 رنز کی اننگز کھیل کر رن آﺅٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جب کہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔