پاکستانی اداکار ذہین طاہرہ کے بیٹے نے والدہ کے انتقال کی خبروں کی تردید کر دی

والدہ اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی حالت میں پہلے سے بہتری آئی ہے۔ کامران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 27 جون 2019 17:07

پاکستانی اداکار ذہین طاہرہ کے بیٹے نے والدہ کے انتقال کی خبروں کی تردید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2019ء) : پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ذہین طاہرہ کی گذشتہ روز سے انتقال کی خبریں گردش کر رہی تھیں جس پر ان کے مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا ، ان کے اہل خانہ کو تعزیتی پیغامات بھیجے اور یہاں تک کہ اُن کی مغفرت کی دعائیں تک کر ڈالیں ۔ گذشتہ روز کے بعد سے ہی اداکارہ ذہین طاہرہ کے انتقال کی خبریں زور پکڑنے لگیں تو ان کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام تر خبروں کی تردید کر دی۔

ذہین طاہرہ کے بیٹے کامران خان نے والدہ کے انتقال کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کی طبیعت ٹھیک ہے۔ کامران خان کا کہنا تھا کہ والدہ اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور اب ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

شام تک انہیں وینٹی لیٹر سے بھی ہٹا دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اداکارہ ذہین طاہرہ کو چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے کے بعد کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ذہین طاہرہ نے کئی دہائیوں تک سرکاری ٹیلی ویژن کے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ذہین طاہرہ کو پی ٹی وی کی تاریخ کی سب سے سینئر اور بزرگ اداکارہ قرار دیا جاتا ہے۔ ذہین طاہرہ نے خدا کی بستی، عروسہ، دستک، دیس پردیس، کالی آنکھیں، کہانیاں، وقت کا آسمان، ماسی اور ملکہ، راستے دل کے، کیسی ہیں دوریاں، شمع، دل دیا دہلیز، چاندنی راتیں، آئینہ، تجھ پہ قربان سمیت سینکڑوں ڈراموں میں کام کیا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے اداکاری کے میدان میں لازوال خدمات کے اعتراف میں ذہین طاہرہ کو 2013ء میں تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔