روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے سے ملک پر قرضوں کا بوجھ 700 ارب روپے مزید بڑھ گیا ہے

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا قومی اسمبلی نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

جمعرات 27 جون 2019 17:25

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے سے ملک پر قرضوں کا بوجھ 700 ارب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2019ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے سے ملک پر قرضوں کا بوجھ 700 ارب روپے مزید بڑھ گیا ہے‘ ڈالر کی قیمت کے تناسب سے دفاع کا بجٹ 20 فیصد کم ہوگیا ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ونڈ اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے ہم پر جو الزام لگایا گیا ہے ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جب ہم نے یہ منصوبے لگائے تو اس وقت نیپرا کا ٹیرف 10.50 سینٹ تھا۔ یہ منصوبے پانچ ہزار میگاواٹ کے تھے۔ نواز شریف اور ہماری محنت کی بدولت یہ ٹیرف 6.50 سینٹ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک پر قرضوں کی مد میں 700 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم اپنے اپوزیشن کے دور میں کہتے تھے کہ ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا تو سو ارب کا قرضہ بڑھ جاتا ہے۔ ڈالر کے تناسب سے دفاع کا بجٹ الٹا 20 فیصد کم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کا کہ پوری قوم شدید مشکلات کا شکار ہے۔