اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے بالکل پریشان نہیں ہوں،چیئرمین سینیٹ

سنا ہے سینیٹرمیر صل بزنجوکو چیئرمین سینیٹ کیلئے لایا جا رہا ہے؟ صحافی کا سوال، صادق سنجرانی خاموش ہوگئے اور سوال کا جواب دینے سے گریز کیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 27 جون 2019 17:38

اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے بالکل پریشان نہیں ہوں،چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 جون 2019ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے پریشان نہیں ہوں، صادق سنجرانی نے حاصل بزنجوکو چیئرمین سینیٹ بنانے کے سوال پر کوئی جواب نہیں دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

آج اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے سوال ”سنا ہے آپ کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا رہی ہے، اور آپ پریشان ہیں؟“ کے جواب میں کہا کہ میں بالکل بھی پریشان نہیں ہوں۔اسی طرح چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایک سوال ’سنا ہے کہ بلوچستان سے سینیٹرمیر صل بزنجوکو چیئرمین سینیٹ کیلئے لایا جا رہا ہے؟‘ کا کوئی بھی جواب دینے سے گریز کیااور خاموش ہوگئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے جمعرات کو قومی اسمبلی میں مختلف وزارتوں کے مطالبات زر کی موجودگی کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بعض سینیٹرز کے ہمراہ مہمانوں کی گیلری میں آئے۔ سپیکر اسد قیصر نے چیئرمین سینیٹ اور ایوان بالا کے ارکان کا مہمانوں کی گیلری میں خیر مقدم کیا۔ دوسری جانب گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ میں سمجھتی ہوں اس جعلی حکومت کو قبول نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے دن رہے گی پاکستان میں صورتحال دگر گوں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ خدا خواستہ ایسا نہ ہو پاکستان پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچ جائے۔ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے تمام مسائل حل تو نہیں ہونگے لیکن جعلی مینڈیٹ والی حکومت لرز جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایک دن میں پانچ پانچ روپے قدر گر رہی ہے، ڈالر بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف جون میں 14 ارب قرضوں میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت خود ہی گر جائے گی ہمیں تردید نہیں کرنا پڑیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز عوام نئے بجٹ کی وجہ سے پس رہے ہیں،بجلی، گیس، آٹا مہنگا ،عوام کی زندگی جہنم بن گئیں ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مفت ادویات بند کردی گئیں ، دواؤں کی قیمت آسمان پر پہنچ چکی ہیں ،لوگ علاج کرائیں یا بچوں کی فیسیں دیں، کیا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف، شہبازشریف، حمزہ اور میں ایک ہیں، کوئی اختلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پارٹی کا میاں نواز شریف اور شہباز پر بھرپور اعتماد ہے ۔