ایم سی آئی کا کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے میں ملوث سینی ٹیشن عملہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

جمعرات 27 جون 2019 17:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2019ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)کے شعبہ سینی ٹیشن کے ڈائریکٹر سردار خان زمری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ماحول کو محفوظ بنانے کیلئے کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے میں ملوث سینی ٹیشن عملہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ’’اے پی پی‘‘ سے یہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کی طرف سے بارہا کوڑا کرکٹ کو سٹاف کی طرف سے آگ لگانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ہدایات کے باوجود سوکھے پتوں اور کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک بیگز کو بھی آگ لگا دی جاتی ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد کے ماحول پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے ملوث سینیٹری عملہ کی معطلی کی جائے گی جبکہ نجی ٹھیکیدار کے ملازم کی برطرفی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملوث شہریوں کو موقع پر ایک ہزار سے دو ہزار جرمانے کا بھی اختیار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ عملہ کو اس ضمن میں انتباہ جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابلتے گٹروں کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہری شکایات کا ازالہ نہ ہو نے پر 0335-5001213 اور 0335-5009899 کے واٹس ایپ نمبروں پر خراب گٹر یا عملہ کی طرف سے کوڑا جلائے جانے کی تصاویر ارسال کریں جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور غفلت برتنے والے عملہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :