لاہور ، مریم نواز کو اے پی سی سے ہونیوالی ناکامی پر پشیمان ہونا چاہیے، ڈاکٹر شہباز گل

جمعرات 27 جون 2019 23:34

لاہور ، مریم نواز  کو  اے پی سی سے ہونیوالی ناکامی پر پشیمان ہونا چاہیے، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2019ء) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں گزشتہ روز اے پی سی سے ہونیوالی ناکامی پر پشیمان ہونا چاہیے، عوام ان کی مایوسی کو سمجھ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم بی بی والد کی صحت پر عوام سے بلاناغہ جھوٹ بولتی ہیں۔ میاں نواز شریف کی صحت معمول کے مطابق ٹھیک ہے۔

میاں صاحب خوش خوراک ہیں اور روٹین سے گوشت کھا رہے ہیں، جیل میں روزانہ صبح شام کارڈیالوجسٹ ان کا معائنہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آج مریم نواز کے ہمراہ کیپٹن صفدر، صاحبزادے جنید صفدر، نوازشریف کی والدہ اور یوسف عباس شریف نے ملاقات کی جبکہ ہر ملاقات پر 200 سے 250 لوگوں کا میلہ لگانا جیل حکام کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ مریم بی بی کو اپنے والد کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ عوام کو گمراہ کرنے اور غلط بیانی کرنے کی بجائے اپنی چوری کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عدنان ان کے ذاتی ملازم ہیں، وہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے غلط بیانی کرتے ہیں، ڈاکٹر عدنان کارڈیالوجسٹ نہیں، پنجاب حکومت نے جیل میں 21 کارڈیالوجسٹ تعینات کر رکھے ہیں۔