Live Updates

انسانی سانس بھی وفاقی حکومت کے بس میں ہوتی تو وہ اس پر بھی ٹیکس وصول کر لیتی،وقارمہدی

موجودہ چندہ چور حکومت مسلسل عوام کی جیبوں پر ڈاکے مار کر غریبوں کو فاقہ کشی اور امیروں کو موج مستی کی جانب لے کر جارہی ہے، ڈالر پاکستان کی تاریخ میں اپنی انتہائی حدوں کو چھو رہا ہے،معاون خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم

جمعرات 27 جون 2019 23:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2019ء) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم اور پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقارمہدی نے پی ٹی آئی کی عوام دشمن حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کو عوام کی پیٹھ پر ایک اور زوردار تازیانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انسانی سانس بھی وفاقی حکومت کے بس میں ہوتی تو وہ اس پر بھی ٹیکس وصول کر لیتی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ چندہ چور حکومت مسلسل عوام کی جیبوں پر ڈاکے مار کر غریبوں کو فاقہ کشی اور امیروں کو موج مستی کی جانب لے کر جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ڈالر پاکستان کی تاریخ میں اپنی انتہائی حدوں کو چھو رہا ہے جس کی وجہ سے عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب چکے ہیں لیکن وزیراعظم معیشت کی بحالی اور ملک کی خوشحالی کی نوید دے کر عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج عوام کا پسندیدہ نعرہ یہ ہے کہ ’’چھین رہا ہے عمران روٹی کپڑا اور مکان‘‘، کیونکہ عمران خان نے اپنی ناکام معاشی اقتصادی پالیسیوں کے باعث روٹی، کپڑا اور مکان عوام کی دسترس سے بہت دور کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو صورتحال بن رہی ہے اس میں عوام کو ایک وقت کی روٹی میسر ہونا مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے غریب عوام پر براہ راست 556 ارب کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے حکومت نے ملکی معیشت آی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی جہالت کی سزا عوام بھگت رہے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی تاریخ میں واحد حکومت ہے جو عوام کو کوئی ریلیف تو نہیں دے رہی ہے بلکہ عوام سے ٹیکس کے نام پے بھتہ وصول کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ کہ پی ٹی آئی کے سلیکٹر اور ووڑز کو چاہیے کہ وہ اپنے سلیکٹیڈ وزیر اعظم اور سلیکٹیڈنمائندوں سے پوچھیں کہ 11 ماہ میں وفاقی حکومت نے عوام کا دیوالیہ کیوں نکال دیا ہے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں کیوں دھکیل دیا ہے پی ٹی آئی کی سونامی میں عوام کو کیوں ڈوبو دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں عمران خان کی حکومت 11 ماہ میں جتنے قرضے لئے ہیں وہ ورلڈ ریکارڈ بن چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس اور بجلی کے نرخوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔#
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات