دورہ پاکستان پر آئے افغان صدر کی ن لیگ کے منصوبوں کی تعریف

شہباز شریف سے 1980ء میں پہلی ملاقات ہوئی تھی، یہ تعلق آج بھی رواں دواں ہے،نواز شریف نے خطے میں امن وسلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا، افغان صدر

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 28 جون 2019 11:57

دورہ پاکستان پر آئے افغان صدر کی ن لیگ کے منصوبوں کی تعریف
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جون2019ء) افغان صدر اشرف غنی اس وقت پاکستان کے دورہ پر ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے دورے پر آئے ہمسایہ ممالک افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ذرائع کے مطابق اشرف غنی نے مسلم لیگ ن کے منصوبوں کی بھی تعریف کی۔

افغان صدر اشرف غنی سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔شریف سے ملاقات میں بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کی اور سابق وزیراعظم نواز شریفکے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ن لیگ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہنواز شریف نے خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق افغان صدر کا کہنا تھا شہباز شریف سے 1980ء میں پہلی ملاقات ہوئی تھی، یہ تعلق آج بھی رواں دواں ہے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان آمد پر آپ کا خیر مقدم کرتے ہیں اور خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان افغانوں کا دوسرا گھر ہے، ہم آپ کو افغان صدر ہی نہیں بلکہ اپنا محترم بھائی تصور کرتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا اشرف غنی صدر ہونے کے علاوہ ماہر تعلیم، سوشل سائنٹسٹ، مصنف اور اسٹیٹس مین بھی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ امن اور خطے میں مثبت صورتحال پروان چڑھانے میں اشرف غنی کے کردار کی تحسین کرتے ہیں۔شہباز شریف نے افغانستان میں نئے انتخابات کے لیے صدر اشرف غنی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مصروفیت کے باوجود ملاقات کی دعوت دینے پر تشکر کا اظہار کیا۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی ہم سب کا خواب ہے، افغان اور پاکستان کے عوام افغانستان میں بدامنی سے بہت تکالیف جھیل چکے ہیں۔

شہباز شریف نے افغان صدر کو نواز شریف کی طرف سے بھی خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق افغان صدر کے ساتھ ملاقات میں فرحت اللہ بابر اور شیری رحمان بھی شامل تھے۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افغان امن عمل سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا۔