Live Updates

مسلم لیگ ن کی طرف سے مڈٹرم الیکشن کامطالبہ بے بنیادہے،اپوزیشن متحدہونے کے باوجودہم نے بجٹ منظورکرالیا،شاہ محمودقریشی

کچھ قوتیں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے معاملے میں رکاوٹیں ڈالناچاہتی ہیں ، وزیرخارجہ کی جہانیاں میں میڈیاسے بات چیت

اتوار 30 جون 2019 21:40

ملتان ۔30جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے مڈٹرم الیکشن اور ان ہائوس تبدیلی کا مطالبہ بے بنیاد ہے۔اپوزیشن کی خواہشات پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔اپوزیشن حکومت کو نیچا دکھانے کیلئے بجٹ اجلاس میں اکٹھی ہوگئی لیکن اس کے باوجود بجٹ پاس ہو گیا۔جو لو گ 40سال سے حکومت میں تھے اور ایک دوسرے کے دست و گریبان تھے وہ آج اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے اور احتساب سے بچنے کیلئے شیرو شکر ہو رہے ہیں۔

موجودہ الیکشن کوایک سال ہوا ہے بجٹ کی منظوری سے حکومت کی اکثریت ثابت ہوچکی ہے۔اپوزیشن جتنی مرضی اے پی سی بلا لے حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ اپوزیشن عوامی مینڈیٹ کا احترام کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہانیاں کے نواحی گائوں 113 دس آر میں چودھری ارشد ارائیں کے بھائی کی قل خوانی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ملک کو اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش ہیں۔ پاکستان مخالف قوتیں سازشوں کے تانے بانے بنا رہی ہے۔ بھارت سے معاملات چل رہے ہیں۔ افغانستان سے مذاکرات اور معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔امیر قطر کا دورہ کامیاب رہا۔ ملتان میں این اے 156کی یونین کونسل 20مشتاق کالونی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور گرین بیلٹ کے افتتاح کے موقع پر معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا 40سال کا بگاڑ ایک سال میں ٹھیک نہیں ہوسکتا ۔

ہمیں مشکل حالات میں حکومت ملی۔ عوام جانتے ہیں خزانہ خالی تھا۔ دو ہفتے کے ریزرو باقی تھے واپڈا ، سوئی گیس ، پی آئی اے ، پاکستان سٹیل سمیت تمام ادارے تباہی کا شکار تھے ۔ پورا ملک خسارے میں تھا۔ معیشت پر بوجھ تھا۔ ہماری خواہش ہے کہ حالات بہتر کئے جائیں اور اس کے لئے بھر پور کوششیں کررہے ہیں۔ لیکن راتوں رات مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ حالات بہتر ہونے میںو قت لگے گا۔

اس کے لیے ہم نے مشکل فیصلے کئے ہیں اور کرنا پڑیں گے۔عوام کی مشکلات کا احساس ہے قوم ساتھ دے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان قوم کو صاف بتا چکے ہیں لٹیروں کو این آر او نہیں ملے گا۔ جس نے قومی خزانہ لوٹا چاہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہے اس کو حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا ملکی خارجہ پالیسی کو موثر بنانے کیلئے مشاورتی اجلاس وقتاً فوقتاً منعقد کئے جارہے ہیں ۔

جس سے ملکی خارجہ پالیسی مزید فعال اور موثر ہوگی۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس میں قائد حزب اختلاف نے ملکی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اہم نقطہ اٹھایا اس پر پہلے بات چیت ہو چکی ہے۔ ہم خود چاہتے ہیں کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے دو طرفہ نقطہ نظر کو سنا جاناچاہئے۔ قائد حزب اختلاف نے جو نکات اٹھائے ہیں وہ بین الاقوامی نوعیت کے ہیں اور ان کے پورے خطے پر اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد حزب اختلاف کے ساتھ مل بیٹھنے پر کوئی اعتراض نہیں ۔ یہ جب چاہیں مل بیٹھتے ہیں قائد حزب اختلاف اپنا نقطہ نظر پیش کریں اور ہم حکومتی رائے پیش کریں گے۔ لیکن ان میں سچ سننے کا حوصلہ ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا جنوبی پنجاب صوبہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہی پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ اس مقصد کیلئے جنوبی پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت جاری ہے۔

اور جلد ہی دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب سب سول سیکٹریٹ کے لیے جگہ کا انتخاب ہونا تاحال باقی ہے ۔ جس کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے کچھ دوست بہاولپوراور کچھ دوست ملتان میں سیکٹریٹ بنانے کے حامی ہیں۔ لیکن کچھ قوتیں سیکٹریٹ ایشو پر تقسیم کرکے رکاوٹیں ڈالنا چاہتی ہیں۔ ہم ان قوتوں کی حوصلہ شکنی کریں گے ۔ میرٹ ، اعدادوشمار اور موقع محل کے حوالے سے ملتان سیکٹریٹ کیلئے موضوع ترین شہر ہے۔ ہم اس پر لوگوں کو قائل کریں گے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا ۔ انہوں نے این اے 156 میں مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا۔ مختلف شخصیات کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی ۔ مختلف شخصیات کی عیادت کی اور عمرہ کی مبارک باد دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات