سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں نسوار لے جانے پر پابندی عائد کر دی

اس پابندی کا اطلاق مقامی اور بین الاقوامی تمام پروازوں پر ہو گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 جولائی 2019 13:14

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں نسوار لے جانے پر پابندی عائد کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جولائی 2019ء) : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں نسوار لے جانے پر پابندی عائد کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ پروازوں میں نسوار لے جانا ممنوع ہے اور کسی بھی پرواز میں نسوار لے کر جانا جُرم قرار دیا جائے گا۔ یہ پابندی عازمین حج پر بھی عائد کی گئی ہے۔

نسوار لے جاتے ہوئے پکڑے گئے کسی بھی مسافر کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس ضمن میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے تمام ائیرپورٹس پر جگہ جگہ بینرز بھی آویزاں کر دئے ہیں۔ جس میں مسافروں کو نسوار سے متعلق تنبیہہ کرتے ہوئے نئی پابندی کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ برس عراقی ائیرپورٹ پر نسوار اور پاؤڈر تمباکو لے جانے پر ائیرپورٹ حکام نے پاکستانی مسافروں کر گرفتار کر لیا تھا۔

عراقی حکام نے اسے منشیات یا منشیات تیار کرنے میں مدد دینے والے اجزا سمجھا اور پاکستانی مسافروں کو حراست میں لے لیا تھا۔ واضح رہے کہ نسوار کی سب سے زیادہ پیداوار خیبرپختونخواہ میں ہوتی ہے لیکن اس کو استعمال کرنے والے پورے ملک میں موجود ہیں۔ بیرون ملک بالخصوص مشرق وسطیٰ جانے والے پاکستانی مسافر اکثر اپنے سامان میں نسوار لے کر جاتے ہیں۔

حال ہی میں خیبرپختونخوا کے بجٹ میں نسوار مہنگی کر دی گئی تھی۔ خیبرپختونخواہ کے آئندہ مالی سال کے بجٹ 20-2019ء میں نسوار پر ٹیکس کی شرح فی کلو اڑھائی روپے عائد کی گئی تھی۔ جس کے بعد شہریوں کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نسوار کا استعمال کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہو گی تاہم اب نسوار کو بیرون ملک لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔