سراں کوہالہ پراجیکٹ بین الاقوامی معیار کا منصوبہ ہے پیر سید مختار گیلانی

بدقسمتی سے ایک مخصوص مافیا یہاں بھی اوچھے ہتھکنڈوں سے متاثرین کے حقوق غصب کرنے کے درپے ہے جو کسی طور پراجیکٹ کے مفاد میں نہیں ہو گا

پیر 1 جولائی 2019 16:03

ہٹیاں بالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2019ء) متاثرین سراں کوہالہ پراجیکٹ کا ایک نمائندہ اجلاس بر خانہ پیر سید مختار گیلانی (ندول شریف) ہٹیاں بالا منعقد ہوا جس میں چندکوٹ، ہیل، ملکپورہ، ایری، ندول، چھیلاں، اور سیری سے تعلق رکھنے والے متاثرین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں پروجیکٹ کی نسبت حکومتی اور انتظامی مشنری کے رویہ اور طریقہ کار پر شدید مایوسی اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے واضح کیا کہ سراں کوہالہ پراجیکٹ بین الاقوامی معیار کا منصوبہ ہے جس سے جہلم ویلی کے عوام کو علاقہ میں بیروزگاری کی شرح میں کمی اور علاقائی معیار زندگی میں بڑھوتری کی امید تھی اور خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ منصوبہ حقیقی معنوں میں عوام علاقہ کے لیے کسی نعمت سے کم نہ ہو گا لیکن بدقسمتی سے ایک مخصوص مافیا یہاں بھی اوچھے ہتھکنڈوں سے متاثرین کے حقوق غصب کرنے کے درپے ہے جو کسی طور پراجیکٹ کے مفاد میں نہیں ہو گا بلکہ اس مافیا کے کرتوتوں کے باعث مزید رکاوٹیں کھڑی ہو جانے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ ہم پراجیکٹ کے خلاف نہیں لیکن اپنے جائز حقوق کے لیے ہر ممکن جہدوجہد ہمارا بنیادی و پیدائشی حق ہے جس سے ہم کسی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پروجیکٹ کو مافیا کی مرضی و منشاء سے جاری کرنا کسی کی خام خیالی تو ہو سکتی ہے لیکن جب تک متاثرین کے تحفظات کا ازالہ نہیں کیا جاتا عملاً ایسا کرنا ممکن نہیں۔ مقررین نے وزیراعظم آزادکشمیر کو دوٹوک انداز میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے نمائندہ کی حیثیت سے متاثرین کے جائز مطالبات پر ان کا ساتھ دینا آپ کا اخلاقی و مذہبی فرض ہے اگر آج آپ ہمارے حقوق کا تحفظ نہ کریں گے تو آنے والے وقتوں میں اس کا خمیازہ سیاسی میدان میں آپ ہی کی نسلیں بھگتیں گی۔

مقررین نے متاثرین کے عذرات کی روشنی میں انہیں سماعت کیے جانے، معاوضہ جات کا از سر نو تعین کرنے، بین الاقوامی پراجیکٹ کے لیے ایوارڈ کی جانے والی اراضی کی قیمتوں کو بھی اس معیار کے مطابق ادا کرنے، انوائرمنٹل ایجنسیز کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد کرنے، مقامی سطح پر ہنرمند و تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے، ایوارڈ کی کاروائی کے فوری بعد یکمشت ادائیگیوں کو یقینی بنانے اور اس نسبت متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ ایک متفقہ قرارداد کی شکل میں کیا۔

اجلاس سے مختار گیلانی، افضال ہمدانی، محمد شفیق، صوبیدار شفیع، شاہد ہمدانی ایڈووکیٹ، سید ابرار گیلانی، حاجی نذیر احمد و دیگر نے خطاب کیا۔ اجلاس میں متذکرہ بالا مواضعات سے حقیقی متاثرین پر مشتمل ایک کمیٹی کی تشکیل بھی عمل میں لائی گئی جو مختلف فورم ہا پر پروجیکٹ متاثرین سے متعلق امور پر رابطہ سازی و متاثرین کے حقوق کے حصول میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

کمیٹی بذیل عہدے داران پر مشتمل ہو گی۔سید ابرار گیلانی سرپرست اعلی'پیر سید مختار گیلانی صدر،عابد بشیر نائب صدر اول،صوبیدار محمد شفیع نائب صدر دوم،محمد شفیق جنرل سیکرٹری،صادر سلیمان جوائنٹ سیکرٹری. سید افضال حسین ہمدانی سیکرٹری نشرواشاعت،حاجی محمد نذیر سیکرٹری مالیات منتخب کیے گئے جبکہ.سید شاہد حسین ہمدانی ایڈووکیٹ، سید ساجد ہمدانی ایڈووکیٹ، راجہ افتخار ایڈووکیٹ، شیخ شاہد اقبال ایڈووکیٹ اور بلال مصطفی' ایڈووکیٹ لیگل ایڈوائزرز کے طور پر قانونی معاونت کریں گے۔