پرویز مشرف کو جنرل بننے کی خبر سب سے پہلے میں نے دی تھی

بے نظیر بھٹو کو بیت اللہ محسود نے قتل کرایا ،وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 2 جولائی 2019 06:27

پرویز مشرف کو جنرل بننے کی خبر سب سے پہلے میں نے دی تھی
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی2019ء)   وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں سابق صدر پرویز مشرف کیساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں جب فوج میں میجر تھا، اس وقت مشرف لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر تعینات اور ہمارے انسٹرکٹر تھے۔ میں انھیں لیڈر مانتا ہوں۔بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے اعتراف کیا کہ انھیں جنرل پرویز مشرف کو آرمی چیف بنانے کا سب سے پہلے پتا چل گیا تھا اور انہوں نے ہی فون کے ذریعے انھیں اس کی اطلاع دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ جب میں نے جنرل پرویز مشرف کو کال کی انھیں اس وقت بالکل علم نہیں تھا کہ انھیں پاک فوج کا سپہ سالار بنایا جا رہا ہے۔ اعجاز شاہ نے بتایا کہ میں نے رات کے وقت انھیں فون کیا اور پوچھا کہ سر آپ کہاں ہیں، میں آپ کو ایک خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ آپ کو آرمی چیف بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان میں بہت عاجزی ہے، ان کے بارے میں کہا جاتا ہے جو بھی ایک دفعہ ان سے مل لے تو ان کا گرویدہ ہو جاتا ہے لیکن جہاں تک چیف آف آرمی سٹاف کا تعلق ہے ان کے قریبی لوگ بھی نہ جان سکے کہ ان کی ہر آرمی چیف سے کیوں نہیں بنی۔

1999ءکے مارشل لا میں سوائے میاں نواز شریف کے کسی کا کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے ہی حکم دیا تھا کہ مشرف کے جہاز کو انڈیا لے جائو، ان کا جہاز کراچی میں لینڈ نہیں کرنا چاہیے۔وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ میں نے کسی سیاست دان پر تشدد نہیں کیا، بلکہ میں جتنا بھی ریلیف دے سکتا تھا، وہ دیا۔ کبھی میاں نواز شریف کو تھپڑ نہیں مارا، اس بارے میں ان سے پوچھا جا سکتا ہے، رانا ثنا اللہ پر تشدد کی خبروں میں بھی کوئی صداقت نہیں جبکہ جاوید ہاشمی نے آرمی کیخلاف پمفلٹ چھایا جس پر ان کا ٹرائل ہوا اور جیل بھیجا گیابینظیر بھٹو کے قتل کے الزام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انھیں بیت اللہ محسود نے قتل کرایا تھا۔

میں کبھی ان سے نہیں ملا، وہ ڈیل کیساتھ پاکستان واپس آئی تھیں، شاید انہوں نے اس لیے میرا نام دیا کیونکہ میں اس ڈیل کیخلاف تھا، میرا کہنا یہ تھا کہ پیپلز پارٹی اور ق لیگ کا اتحاد الیکشن میں شاید نہ چل سکے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ افتخار چودھری کو ہٹا کر مشرف صاحب نے غلط کیا۔ میرے خیال میں سیکشن 6 پانچ چھ سو پر لگنا چاہیے۔