انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں صحافی کی 27 برس پرانے مقدمے میں گرفتاری کی مذمت

منگل 2 جولائی 2019 13:01

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2019ء) انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس اور اس سے وابستہ انڈین جرنلسٹس یونین نی27 برس پرانے مقدمے میں بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے سرینگر سے شائع ہونیوالے ایک روزنامے کے ایڈیٹر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے ایک بیان میں ایڈیٹر کے گھر پر چھاپے اور اسکی گرفتاری کیلئے قانون کے ناجائز استعمال پرکڑی تنقید کرتے ہوئے اسے مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی پر ایک اور حملہ قراردیا ہے ۔

بھارتی پولیس نے روزنامہ آفاق کے ایڈیٹر غلام جیلانی قادری کو 1992ء کے ایک مقدمے میں عدالت کی طرف سے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر انکے گھر سے گرفتار کیاتھا۔

(جاری ہے)

بعدازان پولیس غلام جیلانی کی گرفتاری کے بارے میں کوئی واضح ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی جس پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگرگوہر مجید نے انہیںضمانت پر رہا کردیا تھا ۔ غلام جیلانی اور دیگر آٹھ صحافیوں پر 1992ء میں مجاہدین کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز کی اشاعت کے سلسلے میں مقدمہ درج کیاگیاتھا۔

انہیں دہشتگردی اور انتشار پھیلانے کے روک تھام کے نام نہاد ایکٹ کی دفعہ تین کے تحت گرفتار کیاگیاتھا۔ انڈین جرنلسٹس یونین کے صدرAmar Devulapally، سیکرٹری جنرل اورانٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی نائب صدر سبینا اندرجیت نے کہاہے کہ پولیس کی اس کارروائی سے مقبوضہ کشمیرمیں گورنر راج کے تحت قانون کی حکمرانی کی نفی ہوتی ہے ۔ آئی ایف جے اور اس سے وابستہ تنظیمیں رواں سال فروری سے مقبوضہ علاقے میں ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کو ملنے والی دھمکیوں اور انگریزی روزناموں گریٹر کشمیر اورکشمیر ریڈرز پرسرکاری اشتہارات کی بندش کو دستاویزی شکل دے رہی ہے ۔

14جون کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی پولیس نے ایک جھڑپ کی کوریج کرنے کی کوشش کرنے والے چارفوٹو جرنلسٹوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور انکے کیمرے چھین لئے تھے ۔ کشمیر پریس کلب نے اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کشمیرمیں اپنے پیشہ وارانہ فرائض اداکرنے والے صحافیوں کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش ظاہر کی تھی ۔

انڈین جرنلسٹس یونین نے قابض انتظامیہ سے صحافیوںکو ہراساں کرنے سے باز رہنے اور اظہار رائے کی آزادی کے حق کو یقینی بنانے پر زوردیا ہے ۔ آئی ایف جے نے سینئر صحافی غلام جیلانی قادری کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے صحافیوںپر حملے اور انہیں قانون کے غلط استعمال کے ذریعے ہراساں کرنے کا سلسلہ ترک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔