ٹیلی میڈیسن نظام کے ذریعے آزاد کشمیر کے دشوار گزار علاقوں میں قائم طبی مراکز کو پاکستان کے بڑے ہسپتالوں سے منسلک کرنے کا تجربہ کر رہے ہیں

صدرآزاد کشمیرسردار مسعود خان کا عباسپور کے نواحی گائوں پوٹھہ میں تقریب سے خطاب

منگل 2 جولائی 2019 15:37

عباسپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2019ء) صدرآزاد کشمیرسردار مسعود خان نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر کے تمام شہریوں کو صحت کی یکساں سہولتیں مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے، دو ر دراز علاقوں میں صحت کی سہولتوں میں بہتری لا کر انہیں شہری علاقوں کے برابرلانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، ٹیلی میڈیسن کے نئے نظام کے ذریعے آزاد کشمیر کے دشوار گزار علاقوں میں قائم طبی مراکز کو پاکستان کے بڑے ہسپتالوں سے منسلک کرنے کا نیا تجربہ کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسپور کے نواحی گائوں پوٹھہ میں انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تعاون سے قائم ہونے والے اشرف اینڈ منیرہ میموریل ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے ہسپتال کی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر مہناز اشرف حق ، انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے بورڈ آف گورنر کے رکن امان اللہ خان اور ڈاکٹر ارم نے بھی خطاب کیا ، آزاد کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر سردار آفتاب ، لفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض جیلانی ، مولانا عبدالرزاق ، سردار ساجد ایڈووکیٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تعاون سے اس ہسپتال میں مکمل او پی ڈی ، زچہ و بچہ سنٹر ، ایکس رے ، الٹرا سائونڈ، لیبارٹری اور فارمیسی کے شعبہ جات موجود ہیں جبکہ مریضوں کو علاج معالجہ کی جملہ سہولیات بلا معاوضہ مہیا کی جاتی ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے ڈاکٹر مہناز اشرف اور اُن کی ٹیم کی طرف سے ہسپتال کے قیام اور انتظام و انصرام کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مہناز نے کراچی سے آ کر آزاد کشمیر کے اس دور دراز علاقے میں صحت کی جدید سہولت مہیا کر کے دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔

اُنہوں نے عوام علاقہ سے اپیل کی کہ وہ ہسپتال کو کامیابی سے چلانے میں ہسپتال کی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں اور اُن پر جو بوجھ ہے وہ کم کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں ایک کینسر ہسپتال نجی شعبے میں قائم کیا گیا ہے جس کو جدید ٹیکنالو جی کی مدد سے امریکہ کے ایک ہسپتال سے جوڑ دیا گیا ، اس مثال کو سامنے رکھ کر دوسرے علاقوں میں بھی کوششیں ہونی چاہیے تاکہ عوام کو صحت کی جدید سہولتیں مہیا کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹایا جا سکے ۔

انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے مسائل و مشکلات کے حوالے سے تحریری تجاویز سے صدارتی سیکرٹریٹ اور محکمہ صحت عامہ کو مطلع کریں ۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتال کی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر مہناز نے کہا کہ اس گائوں میں ہسپتال اپنے والد اشرف خان کی خواہش کی تکمیل کے لیے قائم کیا ہے جس میں علاج معالجہ کی تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں جنہیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مذید بہتر کیا جائے گا ۔

تقریب کے بعد صدر سردار مسعود خان سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندہ وفود نے ملاقاتیں کیں اور اُنہیںاپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ سائرہ یوسف چغتائی کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کر کے انہیں عباسپور کے صحافیوں کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا جبکہ انجمن تاجراں عباسپور کے وفد نے صدر انجمن سردار محمد فیاض کی قیادت میں صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کر کے اُنہیں تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔

صدر آزاد کشمیر سے سابق ایڈمنسٹریٹر سردار عبدالحفیظ ، فیصل نسیم ، ریٹائرڈ پرنسپل پروفیسر عابد حسین ، نمبردار سردار مسعود خالد ار سابق چیئرمین یونین کونسل چھاترہ ملک اسد اور دیگر پر مشتمل سول سو سائٹی کے نمائندہ وفد نے بھی ملاقات کر کے اُن سے اشرف اینڈ منیرہ ہسپتال کو ملانے والی سٹرک کی پختگی کا مطالبہ کیا تاکہ مریضوں کو ہسپتال لانے اور لے جانے میں آسانی ہو ۔

صدر نے جملہ وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور اس ضمن میں متعلقہ حکومت اداروں کو بھی متحرک کیا جائے گا۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اے اینڈ ایم ہسپتال کے باہر پودا لگا یا اور بعد ازاں سی ایم ایچ راولاکوٹ کا تفصیلی دورہ بھی کیا جہاںاُنہیں ہسپتال کے کمانڈنٹ بریگیڈئر لیاقت احمد نے ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دی ۔ صدر آزاد کشمیر نے ہسپتال کے کمانڈنٹ اور دیگر حکام کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت اور اُن کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میںآگاہی حاصل کی۔