اقوام متحدہ کی قراردادیں تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں، مشتاق الاسلام

منگل 2 جولائی 2019 16:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنما مشتاق الاسلام نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کوتنازعہ کشمیر کے حل کے لئے ایک مضبوط اور مسلمہ بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ قراردادیں وقت گزرنے کے ساتھ قابل عمل نہ ر ہیں تو پھر اقوام متحدہ کے وجود پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگ جاتا ہے اوراہم عالمی مسائل کے حل میں ناکامی کے بعداس کے باقی رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مشتاق الاسلام نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ تنازعہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان تین جنگیں اور ایک سو سے زائدبار مذاکرات ہوئے۔انہوں نے کہاکہ اگرتنازعہ کشمیر کو نظرانداز کیاگیا اور اس سلسلے میں من مانی کا رویہ جاری رہا توجنوبی ایشیاکو ایک اور جنگ سے بچانا ناممکن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ میں بھارت لے کر گیا تھا اور اب وہ اس عالمی ادارے کی قراردادوں کو کوئی اہمیت نہیں دے رہا۔

حریت رہنما نے کہاکہ ماضی میںتنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق یعنی کشمیری عوام کو نظر انداز کیا گیا۔انہوںنے طویل عرصے سے نظربند سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ ،ان کے اہل خانہ اور رفقاء کے خلاف قابض انتظامیہ کے اقدامات اور انہیں ہراساں اورپریشاں کئے جانے کی کارروئیوں کوبزدلی قراردیتے ہوئے ان کی شدیدمذمت کی۔ دریں اثناء مشتاق الاسلام نے کشتواڑ سڑک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے۔