مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے سوئٹزر لینڈ میں کشمیری وفد کی جانب سے تصویری نمائش کا انعقاد

منگل 2 جولائی 2019 17:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے سوئٹزر لینڈ میں کشمیری وفد نے تصویری نمائش کا انعقاد کیا۔ اس نمائش میں ایک منفرد طریقہ اپنایا گیا، نمائش میں موجود تمام تصاویر عالمی میڈیا سے تعلق رکھنے والے فوٹو جرنلسٹس کی مقبوضہ کشمیر میں لی گئی تصاویر پر مبنی تھیں۔

اقوام متحدہ کے اجلاس میں شریک کشمیری وفدکے سربراہ الطاف حسین وانی نے کہا کہ ’’ہر تصویرکشمیر میں بھارتی مظالم کا دستاویزی ثبوت ہے جو کہ مصدقہ بھی ہے۔‘‘ یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور کشمیری وفد کے رکن احمد قریشی کا کہنا تھاکہ ’’تصاویر کے حوالے سے یہ طریقہ کار اپنانے کا مقصد یہ ہے کہ بھارتی حکومت یہ نہ کہہ سکے کہ یہ تصاویر کسی اور شورش زدہ علاقے سے لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

‘‘ اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے یورپ بھر سے آئے ہوئے بڑی تعداد میں کشمیریوں اور پہلی مرتبہ پاکستانی پختونوں نے بھی کشمیریوں کے ساتھ مل کر ایک پٴْر امن احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بھارتی حکومت اور فوج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیر میں استصوابِ رائے کیلئے راہ ہموار کرنے میں معاونت کریں۔

مظاہرے کی قیادت بھارتی مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے حریت رہنماالطاف حسین وانی نے کی۔ آزاد جموں و کشمیرحکومت کے سابق سینئروزیر چوہدری پرویز اشرف بھی اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔کشمیری وفد، آزاد کشمیر اور بھارتی مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے سرگرم کارکنان پر مبنی ہے جوکہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی41ویں اجلاس میں شریک ہے۔کشمیری وفد میں کنوینیئر آل پارٹیز حریت کانفرنس سید فیض نقشبندی، کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرسردار امجد یوسف خان، مسز شمیم شال، ایڈووکیٹ پرویز شاہ، حسن بناء، پروفیسر شگفتہ اشرف، اور ڈاکٹر سارہ شاہ شامل ہیں۔