جامعہ سندھ جامشورو کے ایریا اسٹڈی سینٹر نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کا نیا مضمون متعارف کرایا

منگل 2 جولائی 2019 19:44

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2019ء) جامعہ سندھ جامشورو کے ایریا اسٹڈی سینٹر کی اکیڈمک کمیٹی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کا نیا مضمون متعارف کرایا ہے، ’’فار ایسٹ ایشین اسٹڈیز‘‘ میں داخلے کرانے اور ایم فل کے کورس ورک میں ایک سبجیکٹ چائنیز لینگویج کے اضافے کی سفارش کی گئی ہے، سینٹر کے بورڈ آف گورننس کے اجلاس سے منظوری لینے کے بعد پولیٹیکل سائنس، اکنامکس، انٹرنیشنل ریلیشنز اور سوشیالوجی میں بی ایس یا ایم اے ہولڈر امیدواروں کو فار ایسٹ ایشین اسٹڈیز میں ایم فل اور مذکورہ چار شعبوں میں ایم فل ہولڈرز کو پی ایچ ڈی میں داخلے دیے جائینگے ایریا اسٹڈی سینٹر فار ایسٹ ایشین سائوتھ ایسٹ ایشیا کے اکیڈمک کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے دو نمائندوں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈپارٹمینٹ آف پولیٹیکل سائنس اینڈ انٹرنیشنل رلیشنز کے پروفیسر ڈاکٹر محمد خان اور یونیورسٹی آف پشاور کے انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ کنفلکٹ اسٹڈیز کے پروفیسر ڈاکٹر سید حسین شہید سہروردی کے علاوہ جامعہ سندھ کے پاکستان اسٹڈیز سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر ڈپارٹمینٹ آف اکنامکس کے چیئرپرسن ڈاکٹر امبرین زیب خاصخیلی، ایریا اسٹڈی سینٹر کے ایسوسیئیٹ پروفیسر ڈاکٹر مکیش کمار کھٹوانی اور ڈاکٹر نائمہ تبسم نے شرکت کی اجلاس میں ایریا اسٹڈی سینٹر میں ایم فل اور پی ایچ ڈی فار ایسٹ ایشین اسٹڈیز میں کرانے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایریا اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر نے بتایا کہ اکیڈمک کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی سفارشات اور فیصلوں کو منظوری کیلئے سینٹر کے بورڈ آف گورنرس کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا، جہاں سے منظوری کے بعد فار ایسٹ ایشین اسٹڈیز میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کا عمل شروع کیا جائیگا۔