امریکہ نے بلوچستان لبریشن آرمی کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا

امریکی محکمہ خارجہ نے بی ایل اے کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 3 جولائی 2019 10:24

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 جولائی 2019ء) : امریکہ نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی بنیاد براہمداغ بگٹی اور حیربیار مری نے رکھی تھی ۔ اس کے علاوہ جند اللہ کا نام بھی امریکی فہرست میں شامل ہے۔

امریکہ کے اس اقدام کے تحت دونوں تنظیمیں اب دہشتگرد تصور کی جائیں گی جبکہ ان تنظیموں کے تمام تر اثاثہ جات بھی منجمد کر دیئے جائیں گے۔ امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) پاکستان میں سول اور سکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث ہے، جبکہ اس تنظیم نے کراچی میں چینی قونصلیٹ اور گوادر میں ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم جنداللہ نام بدل کر جندل العدل کے نام سے کام کر رہی تھی، جنداللہ اور جندالعدل نے ایرانی سول اور سکیورٹی اداروں پر حملے کیے۔ خیال رہے کہ بی ایل اے کو پاکستان میں 2006ء سے کالعدم تنظیم قرار دیا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں امریکی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حال ہی میں پاکستان میں دہشت گردی کی کئی کارروائیاں کیں۔

ہم اُمید کرتے ہیں امریکی اقدام سے اس دہشتگرد تنظیم کی کارروائیاں کم ہو جائیں گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اُمید کرتے ہیں کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے کارندوں، سہولت کاروں اور مالی تعاون دینے والوں کو پکڑا جائے گا جبکہ اس کو بیرونی تعاون دینے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ ان عناصر کے خلاف گھیرا تنگ ہوگا جو بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی سرگرمیوں کو بڑھا چڑھا کرپیش کرتے ہیں۔