جموں وکشمیر فریڈم موومنٹ کا غیر قانونی طو ر پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

بدھ 3 جولائی 2019 13:08

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر فریڈم موومنٹ کے چیئرمین محمد شریف سرتاج نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھارتی پارلیمنٹ بھی مجرمانہ ذہنیت کے لوگوں سے خالی نہیں ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد شریف سرتاج نے جموں سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ہندو انتہا پسند تنظیموں کے ارکان کو جے شری رام کے نعرے لگائے ہوئے مسلمانوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے گئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھگوا دہشت گردوں کے ہاتھوں محمد تبریز کا حالیہ قتل اسی پالیسی کی ایک کڑی ہے۔ محمد شریف سرتاج نے کہا کہ ہندو دہشت گردوں سے جیلوں کے اندر بھی مسلمان محفوظ نہیں ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو بھارتی جیلوں میں شدید خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی سلامتی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائیں۔

دریں اثناجموںوکشمیر ماس موومنٹ کے چیئرپرسن فریدہ بہن جی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی بیش بہا قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ نوجوان اپنا آج قوم کے روشن کل پر قربان کر رہے ہیں لہذا ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم تحریک آزادی کو شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک جاری و ساری رکھیں۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ آٹھ جولائی کو ممتاز نوجوان رہنما شہید برہان مظفر وانی کی شہادت کی برسی بھر پور طریقے سے منائی جائے گی۔